عمرہ زائرین انتہائی گرمی میں پیدل چلنے سے اجتناب کریں
’اجازت نامے کے بغیر روضہ میں جانے کی کوشش نہ کریں‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت حج وعمرہ نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ سخت گرم موسم میں دھوپ میں پیدل چلنے سے اجتناب کریں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے زائرین کو کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک سخت گرمی ہوتی ہے‘۔
’ان اوقات میں سایئے میں رہیں اورزیادہ وقت تک پیدل چلنے سے گریز کریں‘۔
وزارت حج و عمرہ نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’مناسک کی ادائیگی کے وقت بھاری سامان ساتھ اٹھانے سے بھی اجتناب کریں‘۔
وزارت نے زائرین سے کہا ہے کہ ’روضہ اطہر میں جانے کے لیے اجازت نامے کا حصول ضروری ہے‘۔
’اجازت نامے کے بغیر روضہ میں جانے کی کوشش نہ کریں کہ اس سے آپ بھی پریشان ہوں گے اور دوسروں کو بھی پریشان کریں گے‘۔
وزارت نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ ’عمرہ کے مناسک کی ادائیگی کے بعد بال تراشنے یا منڈوانے کے لیے حجاموں کی دکانوں پر جائیں جو جگہ جگہ دستیاب ہیں‘۔
’چلتے پھرتے حجاموں یا غیر اجازت یافتہ افراد سے حجامت نہ کروائیں‘۔