Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لازوال عشق‘ شو کے خلاف شکایات پر پیمرا کا ردعمل، یہ شو ہے کیا؟

ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کی میزبانی پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر کر رہی ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)
پاکستانی ناظرین کے لیے پہلی بار ایک نیا اور منفرد ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ سامنے آنے والا ہے۔ یہ شو مشہور ترک پروگرام ’عشق اداسی‘ سے متاثر ہے اور اس کی میزبانی معروف اداکارہ اور اینکر عائشہ عمر کریں گی۔
یہ شو یوٹیوب پر نشر ہوگا اور اردو بولنے والے ناظرین کو بالکل نیا اندازِ تفریح فراہم کرنے کا دعویٰ کرتا ہے۔ 
عائشہ عمر نے اس شو کا ٹیزر اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہےجس  میں وہ آبنائے باسفورس کی لہروں پر کشتی میں سوار ہیں اور بعد میں یہ کشتی ایک عالی شان ولا کے دروازے پر پہنچتی ہیں۔
ولا میں کشادہ کمروں کے ساتھ ایک شاندار سوئمنگ پول بھی موجود ہے، جہاں شرکا پورا وقت اکٹھے گزاریں گے۔
عائشہ عمر کے مطابق ’یہ لوگ یہاں کھیلوں اور چیلنجز کے ذریعے ایک دوسرے کو قریب سے جانیں گے اور اپنی قسمت آزمائیں گے۔‘
بعد ازاں جھلکیوں میں آٹھوں شرکا کو دکھایا گیا ہے جو اپنے سوٹ کیس کے ساتھ ولا میں داخل ہوتے ہیں اور ایک نئے سفر کا آغاز کرتے ہیں۔
اس پروگرام میں چار مرد اور چار خواتین ایک ساتھ ایک شاندار ولا میں رہیں گے۔ ولا میں موجود ہر لمحہ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگا۔ سو اقساط پر مشتمل یہ سفر کھیلوں، چیلنجز، اتحادیوں اور مقابلوں سے بھرا ہوگا۔ آخر میں ایک ’وننگ کپل‘ سامنے آئے گا جو نہ صرف کامیابی بلکہ ایک انعام بھی حاصل کرے گا۔

اس شو میں شریک افراد کو بڑے گھر میں ایک ساتھ رہنے کا موقع دیا جائے گا جہاں وہ مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ (فوٹو: لازوال عشق)

یہاں واضح رہے کہ اس شو کا فارمیٹ ایک ڈیٹنگ شو جیسا ہے۔ دنیا بھر میں ریئلٹی ڈیٹنگ شوز کوئی نئی بات نہیں ہیں۔ مغربی ممالک میں ’دی بیچلر‘ اور ’لوو آئی لینڈ‘ جیسے پروگرام برسوں سے مقبول ہیں اور لاکھوں لوگ انہیں دیکھتے ہیں۔
مگر پاکستانی ناظرین کے لیے یہ ایک نئی چیز ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس شو کا ٹیزر منظر عام پر آنے کے بعد اس پر کافی تنقید بھی کی جا رہی ہے اور سوشل میڈیا پر اس کے خلاف ٹرینڈ بھی چل رہا ہے۔
جہاں سوشل میڈیا صارفین اس شو کے اعلان پر سخت ردعمل دے رہے ہیں وہیں متعدد لوگ پیمرا میں اس شو کے خلاف شکایات بھی درج کروا رہے ہیں۔
تاہم کہانی میں نیا موڑ یہ آیا ہے کہ پیمرا نے شکایات کی بڑی تعداد موصول ہونے کے بعد معاملے پر ردعمل جاری کیا ہے۔
اپنی پریس ریلیز میں پیمرا نے وضاحت کی ہے کہ ’عشق لازوال‘ شو کے حوالے سے سوشل میڈیا مہم پر پیمرا کو شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ یہ پروگرام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر ہو رہا ہے اور پیمرا سے لائسنسن یافتہ کسی ٹی وی چینل پر نشر نہیں ہوگا۔

شیئر: