خلاف ورزی پر ریاض میں 10 کافی شاپش سربمہر
’مشروبات پیش کرنے والی کئی دکانوں میں 26 خلاف ورزیاں پکڑی گئیں‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض کی میونسپلٹی کی جانب سے شہر میں کیفے اور مشروبات پیش کرنے والی شاپس پر نگرانی مہم بدستور جاری ہے جس کے تحت اب تک 10 سے زائد خلاف ورزی کرنے والے شاپس بند کئے جا چکے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر بھی ایسی کئی بند دکانوں کی تصاویر گردش کر رہی ہیں جن کے دروازوں پر بندش کے نوٹس آویزاں ہیں۔
یہ نگرانی کی کارروائیاں ریاض میونسپلٹی کی جانب سے متعلقہ اور شراکت دار اداروں کے تعاون سے کی جا رہی ہیں جن کا مقصد عوامی صحت کا تحفظ اور ان اداروں کی جانب سے بلدیاتی و صحت کے ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔
یہ مہم گزشتہ ہفتے شروع ہوئی تھی جس میں مشروبات پیش کرنے والی کئی دکانوں میں 26 خلاف ورزیاں پکڑی گئیں جو عوامی صحت کے لیے خطرہ تھیں اور ان میں سے دو دکانیں سنگین خلاف ورزیوں کے سبب بند کر دی گئیں۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’یہ مہم نگرانی کے دوروں اور موصول ہونے والی متعدد شکایات کے بعد شروع کی گئی ہے جن میں پائی جانے والی خلاف ورزیوں میں صفائی کے ناقص معیارات، صحت کے سرٹیفکیٹ کے بغیر ملازمین کا کام کرنا اور صارفین کی سلامتی کو متاثر کرنے والی دیگر غیر ذمہ دارانہ سرگرمیاں شامل تھیں۔