’گووندا صرف میرے ہیں‘، سونیتا آہوجا نے علیحدگی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی
’گووندا صرف میرے ہیں‘، سونیتا آہوجا نے علیحدگی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی
بدھ 27 اگست 2025 18:55
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
گووندا اور ان کی اہلیہ سونیتا آہوجا نے مرہون رنگ کے میچنگ کپڑے پہن رکھے تھے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے بدھ کے روز ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر ہندوں کے مذہبی تہوار ’گنیش چتروتھی‘ کی تقریب کا انعقاد کیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس تقریب کے بعد جوڑے کی علیحدگی کی خبروں کی بھی تردید ہو گئی ہے۔
تقریب کے موقع پر اداکار گووندا نے میرون رنگ کا کُرتا زیب تن کر رکھا تھا جبکہ ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے بھی اسی رنگ کی ساڑھی پہن رکھی تھی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دونوں کو عقیدت کے ساتھ مذہبی رسومات ادا کرتے اور میڈیا کے نمائندوں میں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے دیکھا سکتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں سنیتا نے دو ٹوک انداز میں شوہر گووندا کے ساتھ تعلقات کے بارے میں گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی باتوں پر یقین نہ کیا جائے جب تک وہ خود کوئی اعلان نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’کوئی بھی طاقت مجھے اور گووندا کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتی۔‘
سنیتا کا کہنا تھا کہ ’آج میڈیا کے منہ پر طمانچہ نہیں پڑا؟ ہمیں ساتھ دیکھ کر، اتنے قریب، اگر کچھ مسئلہ ہوتا تو کیا ہم اتنے نزدیک ہوتے؟ دوری ہوتی، کوئی ہمیں الگ نہیں کر سکتا، چاہے اوپر سے کوئی بھی آ جائے، میرا گووندا صرف میرا ہے اور کسی کا نہیں۔‘
انہوں نے مسکراتے ہوئے مزید کہا ’جب تک ہم خود کچھ نہ کہیں، براہ کرم آپ بھی کچھ نہ بولیں۔‘
یاد رہے کہ گووندا اور سنیتا کی شادی کو تین دہائیاں ہو چکی ہیں اور ان کے دو بچے ہیں۔ ان کی بیٹی ٹینا نے 2015 میں فلم ’سیکنڈ ہینڈ ہیسبنیڈ‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا جبکہ بیٹے یش وردھن جلد ہی اداکاری میں ڈیبیو کرنے والے ہیں۔