Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کے مشہور اداکار گووندا کی کُل دولت کتنی ہے؟

گووندا 90 کی دہائی کے کامیاب ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کے مشہور اداکار گووندا کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے 90 کی دہائی میں اپنی شاندار کامیڈی، منفرد فیشن اور شاندار ڈانس سے فلمی دنیا پر راج کیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق آج بھی وہ  شاہانہ طرزِ زندگی گزار رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گووندا کی کل دولت کا اندازہ تقریباً 170 کروڑ انڈین روپے لگایا جاتا ہے۔ وہ ایک فلم کے لیے چھ کروڑ روپے تک معاوضہ وصول کرتے ہیں جبکہ اشتہارات سے بھی خطیر آمدنی  ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاست اور فلمی پروڈکشن نے بھی ان کی آمدنی میں اضافہ کیا۔
یاد رہے کہ وہ 2004 سے 2009 تک انڈین پارلیمان کے رکنِ بھی رہ چکے ہیں۔
جائیداد کے معاملے میں بھی گووندا نے بھرپور سرمایہ کاری کی ہے۔ ان کی سب سے معروف رہائش ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع 16 کروڑ روپے مالیت کا شاندار بنگلہ ہے جہاں وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہتے ہیں۔
اس کے علاوہ 61 سالہ اداکار رویا پارک میں بھی ایک اور بنگلے کے مالک ہیں جس سے انہیں کرایے کی مد میں آمدنی حاصل ہوتی ہے۔
مڈ آئی لینڈ پر بھی گووندا کا ایک گھر ہے جو اکثر فلمی شوٹنگز میں استعمال ہوتا ہے، کولکتہ میں بھی ان کا ایک بنگلہ موجود ہے جبکہ لکھنؤ میں ان کی وسیع و عریض زرعی زمین اور رائے گڑھ میں فارم ہاؤس بھی ان کی ملکیت ہیں۔

گووندا سنہ 2004 سے 2009 تک انڈیا رکنِ پارلیمنٹ بھی رہ چکے ہیں (فوٹو: شٹرسٹاک)

گووندا کی شخصیت میں گاڑیوں کا شوق بھی نمایاں ہے۔
ان کے گیراج میں ’ہنڈائی کریٹا‘، ’ٹویوٹا فورچونر‘، ’فورڈ انڈیور’، ’مرسڈیز سی 220 ڈی‘ اور ’مرسڈیز بینز جی ایل سی‘ جیسی قیمتی گاڑیاں شامل ہیں۔
حالیہ دنوں میں گووندا اور ان کی اہلیہ سونیتا کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں تاہم ان کے منیجر نے واضح کیا تھا کہ یہ پرانی بات ہے اور اب حالات بہتر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’خاندان جلد ہی ایک ساتھ مذہبی تہوار منانے جا رہا ہے جس کی تیاریوں میں سونیتا مصروف ہیں۔‘
یوں گووندا افواہوں اور خبروں کے شور کے بجائے اپنی فیملی کے ساتھ خوشیوں، تقریبات اور اپنی برسوں کی محنت سے حاصل کی گئی دولت سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

 

شیئر: