تاریخی جدہ میں نصیف ہاؤس کے قریب واقع ایک نیا ثقافتی مرکز زاوية 97 کاریگروں کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہا ہے جہاں مقامی اور بین الاقوامی ہنر مند اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ایس اے کے مطابق جولائی اور اگست میں زاوية 97 نے 60 سے زائد ورکشاپس کی میزبانی کی۔ جن میں 30 سے زیادہ روایتی ہنر متعارف کروائے گئے اور ان میں 400 سے زیادہ شریک ہوئے۔
ان ورکشاپس میں جپسم کی نقش و نگاری، لکڑی کی آرائش، موزیک آرٹ، صابن سازی اور ری سائیکلنگ جیسے ہنر سکھائے گئے۔

ورکشاپس کے علاوہ، یہ ثقافتی مرکز نمائش کرنے والوں کو اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے بھی جگہ فراہم کرتا ہے، جس سے مقامی برانڈز اور تخلیقی معیشت کو فروغ ملتا ہے۔
یہ اقدام وزارتِ ثقافت کی جانب سے شروع کیے گئے ’ایئر آف ہینڈی کرافٹ‘ کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد ہنر کو محفوظ کرنا، دستکاروں کی معاونت کرنا اور ان کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
زاوية 97 ہنرمندوں کو اپنا علم آگے منتقل کرنے کے قابل بنا کر سعودی ثقافتی شناخت کے ایک اہم پہلو کو بھی محفوظ کر رہا ہے، اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ تخلیقی اقدامات کس طرح تاریخی مقامات کو جدید اور متحرک پلیٹ فارمز میں تبدیل کر سکتے ہیں۔