سعودی عرب کے ’لٹریچر، پبلشنگ اور ٹرانسلیشن کمیشن‘’ کے زیر انتظام دا چلڈرنز لٹریری ویک‘ الجوف ریجن میں سکاکا کے ثقافتی سینٹر میں 4 ستمبر تک جاری رہے گا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کمیشن کے سی ای اوعبدالطیف الواصل نے بتایا کہ ’یہ ایونٹ مملکت میں ادبی کلچر کو مسلسل آگے بڑھانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے جس میں بچوں کو تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جاتا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ’ اس طرح کے اقدامات وژن 2030 کے تحت طے کردہ نیشنل کلچرل سٹریٹیجی کے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں جن میں مملکت میں ایک ادب پسند اور تخلیقی نسل کو پروان چڑھنا ہے۔‘
لٹریری ویک کی خاص بات بچوں اور والدین کے لیے ورکشاپس کا اہتمام ہے۔ ساتھ ساتھ بچوں کے ٹیلنٹ کو ترقی دینے کے لیے سپیشلسٹ افراد بھی ان ورکشاپس میں شرکت کر رہے ہیں۔

لٹریری ویک میں دیگر سرگرمیوں کے علاوہ تھیئٹر کی پرفارمنسز، ادبی مقابلے، انٹرایکٹیو مشاغل، فنکارانہ پروگرام اور داستان گوئی کے سیشن شامل ہیں۔
اس کی سرگرمیوں میں تعلیمی اور انٹرایکٹیو سہولتوں کا مقصد، ابتدائی عمر سے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا دینا اور مطالعے اور ادب سے ان کے تعلق کو طاقتور بنانا ہے۔

یہ ایونٹ ایک ہفتے میں پانچ ریجنوں میں ہوتا ہے جس کے تحت بچوں میں پڑھنے لکھنے کے شوق کو بڑھانا، کہانی لکھنے اور سنانے کے طریقے بتانا اور بچوں اور والدین میں تحریری ذوق کو پیدا کرنا ہے۔
لٹریری ویک کا ایک اور مقصد بچوں میں مطالعے کے ہنر اور ذہنی صلاحیتوں کو آگے لے جانا اور ان میں ثقافتی آگاہی پیدا کرنا بھی ہے۔
اس کے علاوہ ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں میں شمولیت کے لیے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا شامل ہے۔