Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں زلزلے سے کم از کم 250 ہلاکتیں، 500 سے زائد زخمی

حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے (فائل وٹو: اے ایف پی)
افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ شب آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم سے کم 250 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
افغانستان کے نیوز چینل طلوع کی رپورٹ میں امریکی جیولوجیکل سروے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات مختلف ممالک میں آنے والے زلزلے کا مرکز کنڑ صوبے میں تھا۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے کنڑ، نرگال، ساؤکے، وتاپور، منگوئی اور چاپا دارا کے علاقوں میں ہلاکتیں ہوئیں اور مقامی لوگ زخمی ہوئے۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مرنے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے اور اس وقت بھی مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ملبے تلے دبنے والے لوگوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ضلع نرگول کے مختلف دیہات میں اب بھی لوگ ملبے نیچے دبے ہوئے ہیں جن کے بارے میں حکام کا اندازہ ہے کہ یہ تعداد 100 سے زائد ہو سکتی ہے۔
ان علاقوں کے رہائشیوں کی جانب سے دوسرے علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ان کی مدد کے پہنچیں۔
رپورٹ کے مطابق وزارت دفاع، داخلہ اور صحت کی وزارتوں کی امدادی ٹیمیں علاقوں میں پہنچ چکی ہیں اور زخمیوں کو ہوائی جہاز کے ذریعے ننگرہار کے ہسپتال میں پہنچایا جا رہا ہے۔
افغانستان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے رات کو زلزلے کے بعد جاری کیے گئے بیان میں کہا تھا کہ لوگوں کو بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
رات ساڑھے بجے کے قریب ملک میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر چھ تھی، اس کے پانچ اعشاریہ دو کے آفٹر شاکس آئے جبکہ کچھ دیر بعد چار اعشاریہ سات شدت کے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔
یہ جھٹکے کنڑ کے علاوہ ننگرہار اور لغمان میں بھی محسوس کیے گئے جبکہ ان کا دائرہ کابل تک پہنچنے کے علاوہ پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا تک بھی پہنچا۔

شیئر: