Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگین ٹریفک خلاف ورزی پر ایک برس تک قید، غیرملکیوں کی بے دخلی، ٹریفک قانون میں ترمیم

سعودی کابینہ کے اجلاس میں ٹریفک قانون میں ترمیم کی منظوری دی گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزرا کونسل نے ٹریفک نظام کی دفعہ 74 میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔ عوامی سلامتی کے لیے خطرناک  خلاف ورزیوں کے مرتکب کے لیے سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی کابینہ کے اجلاس میں متفقہ طور پر ٹریفک خلاف ورزیوں پر دی جانے والی سزاوں کے حوالے سے قانون میں ترمیم کی گئی۔
جس کے تحت سنگین ٹریفک خلاف ورزی کرنے والے کو ایک برس تک قید اورغیرملکیوں کو بے دخل اور بلیک لسٹ کیا جائے گا۔
قانون میں کی گئی ترمیم کے مطابق کابینہ نے وزارت داخلہ کو یہ اختیار دیا ہے کہ اگر کسی غیرملکی کے خلاف عوامی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی ٹریفک خلاف ورزی کے ارتکاب کا حتمی عدالتی فیصلہ صادر ہو تو اسے مملکت سے نہ صرف بے دخل کیا جائے بلکہ اس پر دوبارہ مملکت میں داخلے کی پابندی بھی عائد کی جائے۔
اس حوالے کابینہ نے وزارت داخلہ، وزارت خارجہ ، وزارت انصاف اور پبلک پراسیکیوشن کے ادارے کو اختیار دیا ہے کہ وہ مشترکہ طورپر ضوابط مرتب کریں۔
ٹریفک قوانین کی ترمیم شدہ دفع کے مطابق اگر کسی شخص سے ہونے والی ایک ہی خلاف ورزی سال میں دوبارہ دہرائی جائے تو اس پر جرمانہ ڈبل ہوگا۔
جبکہ ایک ہی برس میں تیسری بار وہی چالان ہونے کی صورت میں کیس کو عدالت میں بھیجا جائے گا جہاں عدالت میں حالات کا جائزہ لینے کے بعد سزا اور جرمانے کا تعین کیا جائے گا۔

 

شیئر: