Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور پاکستان میں عمارتیں پاکستانی اور سعودی پرچموں سے جگمگا اٹھیں

سعودی عرب کے بڑے شہروں کی نمایاں عمارتیں اور اہم مقامات سعودی عرب  اور پاکستان  کے پرچموں کی روشنیوں سے جگمگا اٹھے۔ 
یہ مناظر پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے سرکاری دورۂ سعودی عرب کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ’سٹریٹجک دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کی خوشی میں پیش کیے گئے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق بدھ کی شب دارلحکومت ریاض سمیت مختلف شہروں کے بلند و بالا ٹاورز اور تاریخی مقامات پر سبز و سفید روشنیوں نے سماں باندھ دیا، جو عوامی سطح پر بھی خوشی اور جوش و خروش کا اظہار تھا۔
دوسری جانب سی ڈی اے کی جانب سے دفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سبز روشنیوں اور پاکستان اور سعودی عرب کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا۔ مرکزی شاہراہوں اور چوراہوں پر پاکستان اور سعودی عرب کے پرچم آویزاں کر دے گئے۔ 
جناح ایونیو، کانسٹیٹوشن ایونیو اور سری نگر ہائی وے پر خوبصورت سجاوٹ اور عمارتوں کو سبز رنگ سے روشن کر دیا ہے۔
’سٹریٹجک دفاعی معاہدے‘  پر دستخط دونوں برادر ممالک کے درمیان تقریباً 78 سال پر محیط تعلقات کی گہرائی اور مضبوطی کا مظہر ہے۔ یہ معاہدہ نہ صرف تاریخی روابط کو مزید مستحکم بناتا ہے بلکہ اسلامی اخوت اور باہمی یکجہتی کی علامت بھی ہے، جو سعودی عرب اور پاکستان کی حکومتوں اور عوام کو ایک دوسرے سے جوڑے ہوئے ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بدھ کو ریاض میں ہونے والی تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان ’سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کیے۔
اس موقعے پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سمیت سعودی کابینہ کے دیگر ارکان موجود تھے۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر کابینہ ارکان بھی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔
دونوں ممالک کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کے مطابق ’اس معاہدے کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کی جائے گی۔‘

 

شیئر: