’نسک‘ پورٹل پر صارفین کی تعداد 30 ملین سے تجاوز، 150 فیصد اضافہ
زائرین 100 سے زیادہ مختلف نوعیت کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے عالمی سطح پر بھی ’نسک‘ پورٹل کی مقبولیت میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رواں برس کے اعداد وشمار کے مطابق ’نسک‘ پورٹل پر صارفین کی تعداد 30 ملین سے تجاوز کرگئی۔
سبق نیوز نے وزارت حج و عمرہ کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ برس نسک پورٹل کے صارفین 12 ملین تھے، اس سال ان میں 150 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے ’نسک‘ کے ذریعے دنیا کے 190 سے زیادہ ملکوں میں زائرین کو ڈیجیٹل سروسز فراہم کی جاتی ہیں۔
عمرہ زائرین و عازمین 100 سے زیادہ مختلف نوعیت کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں جو ان کے مملکت آنے کے پروگرام سے شروع ہو کر واپسی تک کے تمام مراحل پرمشتمل ہے۔
نسک ایپ کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے اس میں قرآن کریم ، ذکر و اذکار، دعائیں، نماز کے اوقات اور قبلہ کا رخ جاننے کی خصوصی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
