ریاض میں سائبر سکیورٹی فورم کا آغاز، 128 ممالک کی شرکت
جمعرات 2 اکتوبر 2025 10:51
سائبر سکیورٹی فورم میں 128ممالک کے فیصلہ ساز اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سرپرستی میں دارالحکومت ریاض میں سائبر سکیورٹی کے بین الاقوامی فورم کے پانچویں ایڈیشن کے آغاز ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق فورم کا افتتاح گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبد العزیز نے کیا ہے۔
یہ فورم قومی ادارہ برائے سائبر سکیورٹی کے زیراہتمام، بین الاقوامی سائبر سکیورٹی فورم فاؤنڈیشن اور سعودی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی سائٹ کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے جو دو دن جاری رہے گا۔
ریاض میں منعقدہ سائبر سکیورٹی فورم میں 128ممالک کے فیصلہ ساز اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبد العزیز نے کہا ہے کہ ’اس سال کا فورم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اُس تقریر کے مضامین کے ساتھ ہم آہنگ ہے جو انہوں نے پچھلے سال کی تھی اور جس میں زور دیا گیا تھا کہ سائبرسپیس معیشتوں کی ترقی، معاشروں کی خوشحالی اور ریاستوں کے استحکام کی بنیاد بن چکا ہے، جس کے پیشِ نظر عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کو یکجا کرنا اور مواقع سے فائدہ اٹھانا ناگزیر ہے۔‘

سائبر سکیورٹی فورم، سائبر سپیس میں مشترکہ کامیابیوں کو مضبوط بنانے کے عنوان کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جو گزشتہ کامیابیوں پر مبنی ہے اور پانچ بنیادی موضوعات کا احاطہ کرتا ہے۔
فورم میں عالمی اختلافات پر قابو پانا، سائبر معیشت کا نیا تصور، سماجی شمولیت، سائبر رویّوں کی تفہیم، اور سائبر سپیس میں نئی مواقع کی کھوج لگانے پر بحث کی جائے گی۔