سیاحتی شعبے میں 2028 تک 50 فیصد سعودائزیشن کا ہدف، نئی پالیسی متعارف
سیاحتی شعبے میں 2028 تک 50 فیصد سعودائزیشن کا ہدف، نئی پالیسی متعارف
جمعرات 2 اکتوبر 2025 19:59
پہلے مرحلے کا آغاز 22 اپریل 2026 سے کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ سیاحت نے سعودائزیشن کے حوالے سے نئی پالیسی متعارف کرائی ہے جن کا مقصد اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ سعودی شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت کا ہدف سال 2028 تک سیاحتی شعبے میں سعودائریشن کو 50 فیصد تک پہنچانا ہے۔ پروگرام پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا۔
ابتدائی مرحلے کے تحت مملکت میں سیاحتی سیکٹر میں کام کرنے والے تمام رجسٹرڈ اداروں میں کارکنوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا۔
سعودائزیشن کے حوالے سے پہلے مرحلے کا آغاز 22 اپریل 2026 سے کیا جائے گا جس کے تحت سعودائزیشن کا ہدف 40 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
دوسرا مرحلہ 3 جنوری 2027 سے شروع ہوگا جس میں سعودائزیشن میں 5 فیصد اضافہ کرتے ہوئے اس کی حد کو 45 فیصد کیا جائے گا۔
تیسرا مراحلہ 2 جنوری 2028 کو شروع ہو گا جس میں 50 فیصد سعودائزیشن کا مقررہ ہدف حاصل کیا جائے گا۔
وزراتِ سیاحت کی جانب سے تمام سیاحتی اداروں کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے کارکنان کا اندراج وزارت افرادی قوت کے سسٹم میں کرائیں علاوہ ازیں ملازمین کے معاہدوں کو ’اجیر‘ یا دیگر منظور شدہ پلیٹ فارمز پر بھی رجسٹر کریں۔
مخصوص پیشوں کو کسی فرد یا ادارے کو آوٹ سورس نہیں کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
نئی پالیسی میں اس بات پر بھی زوردیا گیا کہ سعودائزشن کے حوالے سے مخصوص پیشوں کو مملکت سے باہر کسی فرد یا ادارے کو آوٹ سورس نہیں کیا جائے گا جبکہ رہائشی ہوٹل یا ریزورٹ وغیرہ میں استقبالہ کاونٹر پر سعودی کارکن کی موجودگی لازمی ہوگی۔
وزارت کا مزید کہنا تھا ’مقررہ پالیسیوں پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے بصورت دیگر قانونی خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔‘