Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے وفد کا دورہ اردن، سیاحتی ماڈل کا جائزہ

وفد اس سے پہلے یونیسکو کی عالمی ہیرِیٹج سائٹس کا دورہ کر چکا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
حائل ریجن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ایک وفد نے اردن کا دورہ کیا ہے تاکہ معلوم ہو سکےکہ آثارِ قدیمہ اور سیاحت کی سائٹس کے بندوبست کے لیے وہاں جدید خطوط پر کس طرح کام کیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وفد کی توجہ بالخصوص اس پر ہے کہ ٹورسٹ سائٹس اور آثارِ قدیمہ کی جگہوں کی پائیدار ترقی اور تحفظ کے لیے کمیونٹی کے ساتھ راوبط اور پائیدار ترقی کا باہمی تعلق کیا ہے۔
وفد پہلے ہی یونیسکو کی عالمی ہیرِیٹج سائٹس کا دورہ کر چکا ہے جن میں وادیِ رم کا محفوظ شدہ علاقہ شامل ہے جہاں وفد نے قدیم عبارتوں کا معائنہ کیا ہے۔ صحرا میں کیمپوں پر سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا ہے۔
پیٹرا میں وفد کے ارکان نے تاریخی مقامات کا بھی دورہ کیا اور وزیٹر سینٹر بھی گئے جہاں انھیں سیاحت کے  متنوع ماڈلز کے بارے میں بصیرت افرورز آگاہی ملی۔
اس دورے میں کوآپریٹِو سوسائٹیوں اور دستکاری کی ورکشاپس کے ساتھ وفد کی ملاقاتیں بالخصوص اہم تھیں جہاں انھیں مقامی سطح پر سیاحت میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں معلومات ملیں۔
اتھارٹی کے سی ای او عمر عبدالجبار نے بتایا اس دورے کا مقصد نہ صرف مہارتوں کا تبادلہ تھا بلکہ اردن نے جس طرح بین الاقوامی طور پر اہم آثارِ قدیمہ کی سائٹس کا انتظام کر کے کامیابی حاصل کی ہے، اس سے استفادہ کرنا ہے۔
عبدالجبار نے مزید کہا کہ حائل کی میراث کی ترقی کے منصوبے، وژن 2030 کے نصب العین سے ہم آہنگ ہیں جن کے تحت اس ریجن کی پوزیشن کو سیاحت کے عالمی نقشے پر نمایاں کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آثارِ قدیمہ کی سائٹس کو ثقافتی اور معاشی اثاثوں میں تبدیل کرنے سے قومی معیشت میں تنوع پیدا ہوگا اور اس سے سیاحوں اور سرمایہ کاروں کی اس ایریا میں دلچسپی میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہوگا۔

 

شیئر: