ڈیڑھ لاکھ زائد المیعاد فارماسیوٹیکل پروڈکٹس مارکیٹ میں آنے سے پہلے ضبط
اتوار 5 اکتوبر 2025 18:12
کمپنی کے خلاف کیس رجسٹر کرکے ادارہ پراسیکیوشن کو بھیج دیا گیا (فوٹو: اخبار 24)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی ٹیم نے زائد المیعاد فارماسیوٹیکل پروڈکٹس سٹور کرنے پر دمام میں ایک کمپنی کے خلاف کیس رجسٹر کرکے ادارہ پراسیکیوشن کو ارسال کردیا۔
اخبار 24 کے مطاق کمپنی کی انتظامیہ نے فارماسیوٹیکل پروڈکٹس کو غیرقانونی طورپر سٹور کیا تھا جبکہ اسے سٹوریج کا لائسنس بھی جاری نہیں کیا گیا تھا۔
گودام سے ضبط کی جانے والی فارماسیوٹیکل پروڈکٹس کے ایک لاکھ 50 ہزار پیکٹس شامل تھے جنہیں مارکیٹ کیے جانے سے قبل ہی ضبط کرلیا گیا۔
اتھارٹی کا کہنا تھا فارمیسی کے قانون کے مطابق اس شعبے میں تجارت کرنے والوں کےلیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط کا خاص خیال رکھیں جن میں سٹوریج کے لیے باقاعدہ لائسنس حاصل کیا جانا ضروری ہے۔
فارمیسی سٹوریج کے ضوابط مقرر ہیں جن کے تحت کسی بھی قسم کی فارماسیوٹیکل پروڈکٹس کو سٹور کرنے والے گودام میں مقررہ درجہ حرارت کے علاوہ سٹور کا انتظام ایس ایف ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ہونا ضروری ہیں۔
اتھارٹی کے قوانین کے مطابق کسی بھی قسم کی فارماسیوٹیکل پروڈکٹس یا جڑی بوٹیوں کی تجارت کے لیے مقررہ لائسنس حاصل کرنا ضروری ہے۔
قانون پر عمل نہ کرنے اور زائد المیعاد، جعلی یا غیررجسٹرڈ اشیا فروخت کرنے کی کوشش کرنے یا سٹور کرنے پر 10 برس قید یا ایک کروڑ ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔ جرم کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔
