وزیر خارجہ بحرین پہنچ گئے، شہزادہ سلمان بن حمد سے ملاقات
’وہ منامہ میں منعقد ہونے والے سعودی، بحرینی کونسل کے اجلاس میں شریک ہوں گے‘ ( فوٹو: سبق)
بحرین کے ولی عہد اور و زیرِ اعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے آج منگل کو منامہ میں سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کا استقبال کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران شہزادہ فیصل بن فرحان نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی جانب سے بحرین کی قیادت کے لیے نیک تمنائیں اور برادر بحرینی حکومت و عوام کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کی دعائیں پہنچائی ہیں۔
اس موقع پر شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے بھی بحرینی قیادت کی طرف سے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کے لیے خیر سگالی اور قدر دانی کے جذبات، نیز سعودی حکومت و عوام کے لیے مزید خوشحالی و کامیابی کی تمنائیں پیش کی ہیں۔
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سرکاری دورے پر بحرین پہنچے تھے۔
وہ دار الحکومت منامہ میں منعقد ہونے والے سعودی، بحرینی کونسل کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
منامہ انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال بحرینی وزیر خارجہ ڈاکٹر عبد اللطیف الزیانی اور منامہ میں سعودی سفیر نایف بن بندر السدیری نے کیا ہے۔