چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے ملاقات کی ہے۔
سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق منگل کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مسلم ورلڈ لیگ کے کردار کو امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ مسلمانوں کے اتحاد کا مؤثر پلیٹ فارم ہے۔
مزید پڑھیں
-
وزیراعظم سے ریاض میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقاتNode ID: 881567
انہوں نے عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کاوشوں سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں پر مظالم کے تدارک کے لیے متحدہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ اتحادِ بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے، باہمی اعتماد اور یکجہتی سے ہی امت مسلمہ مضبوط ہو سکتی ہے۔
اس موقع پر مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کہنا تھا کہ مسلم ورلڈ لیگ پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے چیئرمین سینیٹ کی مہمان نوازی اور توجہ پر اظہارِ تشکر کیا۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات مسلم دنیا کے اتحاد کے لیے کلیدی ہیں۔ مسلم ورلڈ لیگ عالمی سطح پر متفقہ اسلامی موقف اپنانے کے لیے کوشاں ہے۔
چیئرمین سینیٹ اور سیکریٹری جنرل نے امت مسلمہ کے اتحاد و استحکام کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
دوسری جانب مسلم ورلڈ لیگ کے جنرل سیکریٹری کا پاکستانی علما سے مشاورتی اجلاس شروع ہو گیا ہے۔
اجلاس کا موضوع ’موقف، ہم آہنگی اور اتحاد‘ ہے۔ اجلاس میں پاکستانی و سعودی مذہبی رہنما موجود ہیں۔