عالمی سطح پر انسداد پولیو کے حوالے سے مملکت کا مثالی کردار
جمعہ 24 اکتوبر 2025 21:26
انسداد پولیو مہم کےلیے مملکت نے 5 سو ملین ڈالرمہیا کیے (فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کےلیے پیش پیش ہے۔ دنیا بھر میں صحت کے شعبے میں معاونت اور بیماریوں کے خاتمے کے لیے شاہ سلمان ریلیف اینڈ ہیومینیٹیرین ایڈ سینٹر کی کارکردگی نمایاں ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق 24 اکتوبر کو ہربرس ’انسداد پولیو‘ کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے سعودی عرب ہمیشہ اس مہم میں پرعزم کردار ادا کرتا رہا ہے جس دنیا سے اس مضر مرض کا خاتمہ کرنا اور نسلِ نو کو محفوظ اور صحت مندانہ ماحول مہیا کرنا ہے۔
پولیو کے خاتمے کے لیے مملکت نے رواں برس دو معاہدوں پر دستخط کیے جن کے تحت 5 سو ملین امریکی ڈالر سے زائد کی رقم فراہم کی گئی جس کے ذریعے 370 ملین بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھا جاسکے۔
پہلے معاہدے کے تحت 300 ملین امریکی ڈالر کی امداد عالمی ادارہ صحت کو دی گئی تاکہ ان ممالک میں جہاں پولیو کے خاتمے کی کوششیں جاری ہیں وہاں اس مرض کے خاتمے کے لیے ویکیسن پروگرام پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
دوسرے معاہدے کے تحت 200 ملین ڈالر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال ’یونیسف‘ کو فراہم کی گئی تاکہ پولیو کےخطرے سے دوچار ممالک میں کی جانے والی کوششوں کو تقویت دی جاسکے۔
