سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ کا کہنا ہے کہ’ گزشتہ 30 برسوں سے مملکت کو پولیو فری ملک ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ سعودی عرب نے پولیو کے خاتمے کے لیےعالمی سطح پرمہم میں اہم کردار ادا کیا۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر پولیو کے خاتمے کے حوالے سے مذاکراتی نشت میں گفتگو کررہے تھے۔
مزید پڑھیں
ان کا کہنا تھا ’ شاہ سلمان مرکز کی جانب سے پولیو کے خاتمے کی مہم میں 500 ملین ڈالر فراہم کیے گئے۔‘
انہوں نے بتایا’ شاہ سلمان مرکز دنیا بھر میں 3 ہزار سے زیادہ صحت منصوبے مکمل کرچکا ہے جن کے شاندار نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔‘
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ کا کہنا تھا ’ انسداد پولیو کے حوالے سے عملی طور پر کوششیں ناگزیر ہیں جن میں دور دراز علاقوں تک ویکسین کی فراہمی کو ممکن بنانا اور تنازعات والے خطوں میں کلینکس کی فراہمی و طبی عملے کی تربیت وغیرہ شامل ہے۔
انہوں نے کہا ’ پولیو کے خلاف ویکسینیشن کے پروگرام کو وسیع کیا جائے جس کےلیے جدید ٹیکنالوجی جن ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹم اہم ہے کو متعارف کیا جائے۔‘
ڈاکٹر الربیعہ نے زور دیا کہ سعودی عرب اور شاہ سلمان مرکز کی جانب سے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محض مالی امداد ہی نہیں بلکہ تکنیکی اور فنی تعاون بھی جاری رہے گا تاکہ دنیا بھر میں بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے میں موثر کردار ادا کیا جائے۔