Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میں پاکستان اور افغانستان کا تنازع جلد حل کروا دوں گا: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایک مرتبہ پھر تعریف کی اور کہا کہ دونوں عظیم انسان ہیں۔
اتوار کو ملائیشیا میں آسیان ممالک کی تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری تنازعے کو جلد حل کروا دیں گے۔
ملائیشیا میں صدر ٹرمپ کی موجودگی میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان تاریخی امن معاہدہ طے پایا ہے۔
معاہدے کی تقریب سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ہونے والی لڑائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آٹھ ماہ میں انہوں نے آٹھویں جنگ رکوائی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ ایک ماہ میں ایک جنگ رکواتی ہے، ’صرف ایک باقی رہ گئی ہے۔ میں نے سنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں دوبارہ (لڑائی) شروع ہو گئی ہے۔ لیکن میں یہ بھی جلد حل کروا دوں گا۔ میں ان دونوں کو جانتا ہوں۔ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بہت عظیم انسان ہیں اور مجھے کوئی شک نہیں کہ ہم جلد یہ کروا لیں گے۔‘
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ بہت اچھے طریقے کے ساتھ تنازعات کو حل کروا دیتے ہیں۔
’اگرچہ مجھے یہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن اگر میں وقت نکال لوں اور لاکھوں کی زندگیاں بچا لوں، تو یہ بہت ہی اچھی بات ہے۔ اس سے زیادہ بہتر کچھ نہیں ہے۔‘
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کسی اور صدر نے کبھی ایک جنگ بھی نہیں ختم کروائی، ’میرا نہیں خیال کہ کسی نے کروائی ہے۔ وہ جنگیں شروع کرتے ہیں۔ ان کو حل نہیں کرتے۔‘
صدر ٹرمپ کے ایشیائی ممالک کے دورے کا آغاز ملائیشیا سے ہوا ہے جہاں انہوں نے آسیان ممالک کی تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔ اس کے بعد وہ جنوبی کوریا اور جاپان جائیں گے جبکہ چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے۔

 

شیئر: