سعودی ورچوئل ہسپتال کی تحقیق: دل کی بیماری کی تشخیص میں مصنوعی ذہانت کی درستی کی تصدیق
کلینیکل ٹرائل، ملک کے ممتاز طبی اداروں کے تعاون کے ساتھ مکمل کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
صحۃ ورچوئل ہسپتال نے ایک تحقیق مکمل کی ہے جس نے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ایک پلیٹ فارم کے تحت دل کے امراض اور ان سے متعلق دیرینہ بیماریوں کی ابتدائی مراحل میں تشخیص کی درستی کی تصدیق کی ہے۔
مصنوعی ذہانت سے کام کرنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’iSelfie.ai‘ سے ہونے والی یہ کلینیکل تحقیق جو مستقبل میں اس طرح کی ریسرچ میں ’موجد‘ ثابت ہو سکتی ہے، ’ڈیجیٹل ریسرچ سینٹر‘ کے ذریعے کی گئی۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس تحقیق میں ایک ہزار سے زیادہ شرکا تھے جس کے لیے’سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی‘ اور ’ریسرچ اینڈ سٹڈیز جنرل ڈیپارٹمنٹ‘ سے منظوری حاصل کی گئی تھی۔
یہ کلینیکل ٹرائل، ملک کے ممتاز طبی اداروں کے تعاون کے ساتھ مکمل کیا گیا جس سے مملکت میں میڈیکل ریسرچ کو آگے بڑھانے کے لیے شراکت کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔
اس تحقیق کا بنیادی مقصد کینیڈا میں بننے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’iSelfie.ai‘ کے درست ہونے کی تصدیق کرنی تھی جو مصنوعی ذہانت کو استعمال کرتے ہوئے ایک معیاری سمارٹ فون کے کیمرے سے چہرے کی تصویریں بنا کر ان کا تجزیہ کرتا ہے۔
اس طرزِ تشخیص سے چند ہی سیکنڈ میں، اعضائے رئیسہ کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہو جاتی ہیں جن میں سانس کی روانی، خون کا فشار، دھڑکن کی رفتار اور آکسیجن کی مقدار شامل ہیں۔
سٹڈی کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی درستی کا موازنہ، روایتی میڈیکل آلات کے ساتھ کیا جا سکتا ہے اور یوں اس طریقے کو ابتدائی تشخیص کے لیے ایک جدید، تیز رفتار اور کم لاگت والے حل کے طور پر سامنے لایا جا سکتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ماضی میں بھی کلینیکل ٹرائلز میں حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
’ڈیجیٹل کلینیکل ریسرچ سینٹر‘جس کا آغاز گزشتہ سال ’گلوبل ہیلتھ نمائش‘ کے دوران کیا گیا تھا، پانچ پیشرو ڈیجیٹل سٹڈیز پر کام کر رہا ہے جس میں مصنوعی ذہانت، جسم پر پہنے جانے والے آلات (سمارٹ واچ، سمارٹ چشمے، فٹنس ٹریکر وغیرہ) اور ٹیلی میڈیسن شامل ہیں۔
یہ انیشی ٹیو، اس سٹریٹیجک سمت سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے جس کے تحت علاج کی رفتار کو بڑھانا، جدت پسند تحقیق کو آگے لے جانا، ہیلتھ کیئر پرفیشنلز کوجدید آلات سے لیس کر کے بااختیار بنانا اور اس طرح زندگی کی کوالٹی اور مریض کی حفاظت میں بہتری لانا ہے جو مملکت کے ’وژن 2030‘ میں صحت کے شعبے میں بنیادی تبدیلی لانے کے اہداف سے عین مطابقت رکھتے ہیں۔
