گینگسٹر فلم سے شہرت کمانے والے شائنی آہوجا جنہیں جیل کے بعد بالی وڈ نے دوبارہ موقع نہ دیا
جمعرات 30 اکتوبر 2025 11:35
بالی وڈ کی گلیمر سے بھرپور دنیا میں کئی اداکار اپنی قسمت آزمانے آتے ہیں لیکن سٹارڈم اور شہرت ہر ایک کے نصیب کا حصہ نہیں بنتی۔ اکثر اداکار مایوس ہو کر چھوڑ جاتے ہیں یا پھر کسی نہ کسی کونٹروورسی کا شکار ہو جاتے ہیں جو بالی وڈ کے اس سفر میں آخر تک ان کا پیچھا کرتی ہے۔
شائنی آہوجا کا شمار بھی ایسے ہی اداکاروں میں ہوتا ہے جو بالی وڈ میں قدم رکھتے ہی چھا گئے لیکن سٹار بننے سے پہلے ہی انہیں اس جگمگاتی دنیا کو خیرآباد کہنا پڑا۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق شائنی آہوجا کا موازنہ کبھی اپنے دور کے اداکاروں جیسے جان براہم، کے کے مینن اور کنگنا رناوت سے کیا جاتا تھا لیکن ایک گھناؤنے جرم میں ملوث پانے پر انہیں جیل ہوئی اور ان کا کیریئر اچانک اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔
شائنی آہوجا نے اگرچہ انجینیئرنگ کے شعبے میں تعلیم حاصل کی لیکن تھیٹر کا شوق انہیں اداکاری کی طرف لے آیا۔ جلد ہی وہ بڑے کمرشلز میں نظر آنا شروع ہوئے اور ٹیلی ویژن سکرین کا ایک جانا پہچانا چہرہ بن گئے۔
دہلی سے تعلق رکھنے والے شائنی آہوجا کو ڈائریکٹر سدھیر مشرا نے فلموں میں کام کرنے کا چانس دیا تھا اور پہلے سال میں ہی ان کی چار ڈیبیو فلمیں ریلیز ہوئیں جو کسی بھی نئے آنے والے ادکارا کے لیے غیر معمولی سمجھا جاتا ہے۔
فلم گینگسٹر سے شائنی آہوجا کو بالی وڈکی دنیا میں شہرت ملی جو کنگا رناوت کی بھی پہلی فلم تھی، باکس آفس پر بھی یہ فلم کامیاب قرار دی گئی۔
اس کے بعد شائنی آہوجا مشہور فلموں ’وہ لمے‘، ’لائف ان آ میٹرو‘، اور بھول بھلیاں میں نظر آئے اور ان کا شمار قابل اداکاروں میں ہونے لگا۔
لیکن 2009 میں ان کے کیریئر کو اچانک دھچکا لگا جب 19 سالہ ملازمہ سے زیادتی کے الزام میں انہیں گرفتار کیا گیا۔ کئی ماہ بعد انہیں ضمانت پر رہائی ملی لیکن دہلی سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔
اگرچہ شکایت کنندہ نے 2021 میں اپنا بیان واپس لے لیا تھا لیکن ممبئی کی عدالت نے شائنی آہوجا کو گھناؤنے جرم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سات سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالت کا فیصلہ میڈیکل رپورٹ، ڈی این اے شواہد اور متاثرہ خاتون کی ابتدائی درخواست پر مبنی تھا۔
شنائی آہوجا نے عدالتی فیصلے کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی اور انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر بالی وڈ میں کم بیک کی کوشش کی اور 2015 میں انیس بزمی کی فلم ’ویلکم بیک‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
اگرچہ یہ فلم ہٹ تھی اور شائقین کو بھی پسند آئی لیکن فلم انڈسٹری میں ان کے کیریئر کو نہ بچا سکی، اور بالی وڈ میں یہ ان کی آخری فلم بن کر رہ گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شنائی آہوجا کے کیس سے متاثر ہو کر ڈائریکٹر اجے باہل نے ’سیکشن 375‘ کے نام سے ڈارمہ بنایا جس میں رچا چڈا اور اکشے کھنا نے اداکاری کی۔
حال ہی میں شنائی آہوجا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ایک پوسٹ شیئر کی اور بتایا کہ وہ وہ امریکہ میں رہائش پذیر ہیں اور گارمنٹس کا کاروبار کرتے ہیں۔
