Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: مندر میں بھگدڑ مچنے سے کم سے کم نو افراد ہلاک

اس سے قبل ستمبر میں اداکار و وجے کی ریلی میں بھگدڑ مچنے سے 36 ہلاکتیں ہوئیں (فائل فوٹو: ایکس)
انڈین ریاست آندرا پردیش کے ایک  مندر میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو یہ واقعہ ضلع کاکولم کے علاقے کاسی بُگگا کے وینکٹیشور مندر میں اس وقت پیش آیا جب بڑی تعداد میں عقیدت مند جمع تھے۔
آندرا پردیش پولیس کے ایس پی کے وی مہیشورا ریڈی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا ہے کہ ’یہاں صرف ایک ہی داخلے اور اخراج کا راستہ ہے۔ یہ واقعہ سیڑھیوں کے قریب لوہے کی جالی گرنے کے باعث پیش آیا، جالی گری تو عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے بھاگنا شروع کیا جس کی وجہ سے بھگدڑ مچی۔‘
آندرا پردیش کے گورنر ایس عبدلنزیر نے حادثے میں نو یاتریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے بھی متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’میں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، اور دعا گو ہوں کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔‘
انڈیا میں مذہبی تہواروں اور بڑے عوامی اجتماعات کے دوران بھگدڑ کے واقعات عام ہیں۔
گذشتہ ماہ ستمبر میں ریاست تمل ناڈو میں مشہور اداکار و سیاستدان وجے کی انتخابی ریلی کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
رواں برس جون میں اڑیسہ میں ایک ہندو تقریب کے دوران اچانک بھیڑ بڑھنے سے بھگدڑ مچ گئی جس میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔
اسی طرح سے مئی میں ریاست گوا میں ہزاروں افراد کی آگ پر چلنے کی مذہبی رسم میں بھگدڑ مچنے سے چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
رواں برس جنوری میں انڈیا کے شمالی شہر پریاگ راج (آلہ آباد) میں ماہا کمبھ میلے کے موقع پر علی الصبح ہونے والی بھگدڑ میں کم از کم 30 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

شیئر: