Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی مشترکہ ویزا 2026 میں جاری کیا جائے گا، وزیر سیاحت

’خلیجی تعاون کونسل کے ممالک سیاحت کے شعبے میں تاریخی تبدیلی سے گزر رہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیرِ سیاحت احمد بن عقیل الخطيب نے توقع ظاہر کی ہے کہ خلیجی مشترکہ ویزا آئندہ سال جاری کیا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ پیش رفت خلیجی ممالک کے درمیان صرف 4 سال کی مشترکہ کوششوں کے بعد ممکن ہوئی ہے جبکہ یورپی شینگن ویزا کا تجربہ مکمل ہونے میں 10 سال سے زیادہ کا عرصہ لگا تھا‘۔
انہوں نے یہ بات بحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقدہ خلیجی سرمایہ کاری گیٹ وے فورم میں شرکت کے دوران کہی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی ہے کہ خلیجی تعاون کونسل GCC کے ممالک سیاحت کے شعبے میں تاریخی تبدیلی سے گزر رہے ہیں جو اسے تیل اور تجارت کے برابر ایک مضبوط ستون بنا رہی ہے اور یہ سب خلیجی ثقافت کی گہرائی، جدید بنیادی ڈھانچے اور محفوظ ماحول کی بدولت ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’گزشتہ سال 4 بڑی خلیجی ایئرلائنز نے تقریباً 150 ملین مسافروں کو منتقل کیا ہے جن میں سے صرف 70 ملین نے خلیجی ممالک کا دورہ کیا‘۔
’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رکن ممالک کے درمیان منزلوں کے باہمی ربط اور انضمام کو مزید فروغ دینے کے لئے بڑا موقع موجود ہے‘۔
وزیر سیاحت نے کہا ہے کہ ’سعودی وژن 2030 نے سیاحت، تفریح اور ثقافت کے شعبوں میں وسیع امکانات کے دروازے کھول دیے ہیں‘۔
’سعودی عرب نے اپنے سابقہ ہدف یعنی سالانہ ایک سو ملین سیاحوں سے تجاوز کر لیا ہے اور اب نیا ہدف 2030 تک 150 ملین سیاحوں کا رکھا گیا ہے جن میں ایک سو ملین مقامی اور 50 ملین بین الاقوامی ہوں گے‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’سیاحت کا قومی معیشت میں حصہ 2019 میں 3 فیصد تھا جو 2024 میں بڑھ کر 5 فیصد ہو گیا ہے جبکہ سعودی عرب اس کوشش میں ہے کہ وہ عالمی اوسط 10 فیصد تک پہنچ جائے‘۔

شیئر: