Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیزانی پکوان ’المغش‘ جسے چٹانی پتھر کی ہانڈی میں تیار کیا جاتا ہے

جیزانی دسترخوان اس مخصوص ڈش کے بغیر ادھورا مانا جاتا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے علاقے جیزان کے روایتی و قدیم پکوانوں میں سب سے اہم ’المغش‘ ہے جسے چٹانی پتھر کی ہانڈی میں مخصوص طریقے سے تیار کیا جاتا ہے۔
المغش پکوان اہل جیزان کی قدیم ثقافت میں شامل ہے جو عہدِ قدیم سے رائج ہے اور آج بھی جیزانی دسترخوان اس مخصوص ڈش کے بغیر ادھورا مانا جاتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے’ کے مطابق ’المغش‘ کی تیاری کے لیے اہم ترین چیز چٹانی پتھر سے تیار کی گئی ہانڈی ہے۔

ہانڈی میں بکری یا بھیڑ کے گوشت کے ساتھ مختلف سبزیاں ڈال کر پانی بھرنے کے بعد اس میں مقامی مصالے حسب ضرورت ڈالے جاتے ہیں۔
بعدازاں ہانڈی کا ڈھکن بند کرکے اسے اون یا تندور میں دو گھنٹے کے لیے رکھا جاتا ہے۔
دوگھنٹے تندور میں رہنے سے ہانڈی میں موجود گوشت اور سبزیاں یک جان ہو جاتی ہیں اس سے اٹھنے والی بھنی خوشبو قرب و جوار کو مہکا دیتی ہے۔

اس ڈش کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں خواتین اپنے ذوق کے مطابق سبزیاں اور مصالہ جات استعمال کرتی ہیں اور اسے علاقائی روٹی یا چاول کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
’المغش‘ محض ایک ڈش ہی نہیں بلکہ یہ ماضی اور حال کو جوڑنے والا پل ہے جس سے عہدِ رفتہ کی یادیں جڑی ہوئی ہیں۔
یہ پکوان علاقے میں آج بھی غیرمعمولی طور پر مشہور ہے جسے اہم دعوتوں یا معزز مہمانوں کے لیے بھی خاص طورپرتیار کیا جاتا ہے۔

 

شیئر: