Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل اور روس میں ٹرمپ کی مقبولیت

  واشنگٹن ... امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ کے سروے کے مطابق صدر ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد امریکہ کا امیج بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ٹرمپ کے صدر بننے سے پہلے امریکہ کے بارے میں64 فیصد افراد مثبت رائے رکھتے تھے۔ یہ تعدادکم ہو کر49 فیصد رہ گئی۔ کئی یورپی ممالک میں اس وقت امر یکہ کو اتنا ہی ناپسند کیا جاتا ہےجتنا 2003 میں جارج ڈبلیو بش کے دور میں جنگ عراق کے باعث کیا جاتا تھا۔ سروے میں37 ممالک کے40 ہزار افراد شریک تھے۔جن ملکوں میں امریکہ کے متعلق مثبت تاثر میں زیادہ کمی آئی ان میں امریکہ کے دونوں پڑوسی میکسیکو اور کینیڈا سرِ فہرست ہیں۔دنیا کے بیشتر ملکوں کے عوام کی اکثریت سمجھتی ہے کہ صدر ٹرمپ قائدانہ صلاحیتوں سے محروم ہیں۔سروے کے مطابق امریکہ کی پسندیدگی میں آنے والی کمی دنیا کے ہر براعظم اور خطے میں ریکارڈ کی گئی ۔سروے کے مطابق صرف 22 فی صد افراد نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر ٹرمپ بین الاقوامی امور میں صحیح فیصلے کریں گے۔ گزشتہ برس صدر اوباما پر اعتماد کرنے والوں کی شرح 64 فی صد تھی۔سروے کے مطابق روس میں صدر ٹرمپ کی مقبولیت 53 فی صد ہے جبکہ صدر اوباما کی صرف 11 فی صد تھی۔ اسرائیل میں ٹرمپ کی مقبولیت 56 فی صد ہے گزشتہ سال اوباما کی مقبولیت محض7 فی صد تھی۔ سروے میں شامل 75 فی صد افراد نے صدر ٹرمپ کو مغرور، 65 فی صد نے عدم برداشت کاحامل اور 62 فی صد نے خطرناک قرار دیا تاہم 55 فی صد افراد انہیں مضبوط رہنما بھی سمجھتے ہیں۔

 

شیئر: