امریکہ: ہسپتال جاتے ہوئے خاتون نے بغیر ڈرائیور کے ٹیکسی میں بچے کو جنم دے دیا
امریکہ: ہسپتال جاتے ہوئے خاتون نے بغیر ڈرائیور کے ٹیکسی میں بچے کو جنم دے دیا
جمعرات 11 دسمبر 2025 20:37
ہسپتال کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ماں اور نومولود کو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: چلڈرنز مرسی)
امریکی اخبار سان فرانسسکو سٹینڈرڈ نے بتایا ہے کہ سان فرانسسکو میں ایک خاتون نے پیر کی رات ایک ڈرائیور کے بغیر چلنے والی ویومو روبوٹیکسی کی پچھلی نشست پر بچے کو جنم دیا۔
اخبار کے مطابق یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، سان فرانسسکو میڈیکل سینٹر جاتے ہوئے خاتون کے دردِ زہ میں شدت آگئی، اور انہوں نے گاڑی کے اندر ہی بچے کو جنم دے دیا۔
ماں اور نومولود دونوں خودکار گاڑی کے ذریعے بحفاظت ہسپتال پہنچ گئے، یہاں تک کہ ایمرجنسی سروسز سے بھی پہلے پہنچے۔
ویومو کے ترجمان نے بتایا کہ کمپنی کی ریموٹ ’رائیڈر سپورٹ ٹیم‘ نے سفر کے دوران گاڑی میں غیرمعمولی سرگرمی محسوس کی تو مسافر کی خیریت جاننے کے لیے کال کی، اور ایمرجنسی سروسز کو بھی مطلع کیا۔
بدھ کو کمپنی نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ ’اس ہفتے سان فرانسسکو میں ایک ماں جو دردِ زہ میں تھیں، ہسپتال جانے کے لیے ویومو میں سوار ہوئیں، اور انہیں ایک اضافی حیرت کا سامنا ہوا: ان کا بچہ پچھلی سیٹ پر پیدا ہو گیا۔ کچھ لوگ واقعی اپنی پہلی ویومو رائڈ کا انتظار نہیں کر پاتے!‘
ماں اور بچے کو ہسپتال پہنچانے کے بعد گاڑی کو صفائی کے لیے سروس سے ہٹا لیا گیا۔ ہسپتال کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ماں اور نومولود کو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ویومو نے تصدیق کی کہ یہ اس کی گاڑی میں ہونے والی پہلی پیدائش نہیں ہے، اگرچہ ایسے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔ کمپنی نے سان فرانسسکو سٹینڈرڈ کو بتایا کہ اس سے ملتا جلتا ایک واقعہ پہلے بھی فینکس میں پیش آیا تھا۔
ویومو جیسی کمپنیاں سان فرانسسکو، سلیکون ویلی، لاس اینجلس اور فینکس جیسے علاقوں میں اپنی خودکار سروس کو بڑھا رہی ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکہ کے کئی شہروں میں ڈرائیور لیس ٹیکسیاں تیزی سے عام ہوتی جا رہی ہیں۔ ویومو جیسی کمپنیاں سان فرانسسکو، سلیکون ویلی، لاس اینجلس اور فینکس جیسے علاقوں میں اپنی خودکار سروس کو بڑھا رہی ہیں۔
تاہم، اس بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ تنازعات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ ایک واقعے میں ویومو کی ایک گاڑی نے ممنوعہ علاقے میں غلط یوٹرن لیا۔ جبکہ گذشتہ برس دسمبر میں ایریزونا کے ایک شخص مائیک جانز نے ویڈیو بنائی جس میں اس کی ویومو گاڑی اسے ایئرپورٹ لے جانے کے بجائے بار بار چکر کاٹتی رہی۔