Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے معاہدے پر دستخط

تعلیم، ثقافت، سائنس، میراث اور علم کے میدان میں تعاون مضبوط کیا جائے گا۔(فوٹو: ایس پی اے)
 کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک سٹیڈیز نے عرب لیگ کی تعلیمی، ثقافتی اور سائنسی تنظیم کے ساتھ تعاون کے ایک اضافی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت تعلیم، ثقافت، سائنس، میراث اور علم کے میدان میں تعاون کو مضبوط کیا جائے گا۔
یہ اضافی ضمیمہ، دونوں تنظیموں کے مابین پہلے سے طے شدہ معاہدے کو آگے بڑھائے گا۔ عقل و دانش، ثقافت اور سائنسی ریسرچ میں ادارہ جاتی شراکت کو مزید گہرا کرے گا۔
نئے معاہدے میں ایسے پروگراموں پر توجہ مرکوز رہے گی جو عرب بیانیے کے اس پروجیکیٹ سے متعلق ہیں جسے شاہ فیصل سینٹر نے تین سال قبل شروع کیا تھا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اضافی معاہدے پر دستخطوں کے موقع پر شہزادہ ترکی بن فیصل بن عبدالعزیز بھی موجود تھے جو کنگ فیصل سینٹر کے چیئرمین ہیں۔ (اے ایل ای سی ایس او) کے ڈائریکٹر جنرل محمد عمر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
نیا معاہدہ، فریقین کے درمیان ہونے والے اس عہد کو نمایاں کرتا ہے جس کے تحت ایک دوسرے کو اعلٰی سطح کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔ عرب ثقافت اور علم کو آگے بڑھانے کے لیے کنگ فیصل سینٹر کی تحقیقی مہارت اور (اے ایل ای سی ایس او) کے کردار سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

معاہدے کے تحت دونوں فریق، عرب بیانیے کے بارے میں سپیشلائزڈ سائنسی اور ثقافتی سیمینار اور کانفرنسیں منعقد کریں گے۔
تعاون کی یادداشت میں یہ بھی درج ہے کہ عرب فکر کی ارتقائی سمت اور بین الاقوامی علم سے اس کے رابطوں پر مفصل تحقیق کی جائے گی۔ ساتھ ساتھ تاریخ، زبان، ورثے اور بین الشعبہ جاتی مطالعات میں مہارت کے ذریعے اس انشیٹیو کے ثقافتی مواد کی قدر و قیمت میں اضافہ کیا جائے گا۔
دونوں ادارے تحقیقی ماحول کو آگے بڑھانے کا اہتمام کریں گے۔ عرب بیانیے کو مضبوط کرنے اور اسے علاقائی اور عالمی سامعین کے سامنے لانے کے لیے وظائف کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
اس معاہدے کے تحت کنگ فیصل سینٹر میں عرب اور اسلامی مطالعے کے لیے (اے ایل ای سی ایس او) چیئر بھی قائم کی جائے گی جس سے تعاون کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔

 

شیئر: