Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی، سعودی ثقافتی تعلقات: ریسرچ گرانٹ کے تحت 20 تجاویز کا انتخاب

دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعلقات پر مزید تحقیق کی جائے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ ثقافت نے اعلان کیا ہے کہ اس نے چینی اور سعودی ثقافتی تعلقات سے متعلق ریسرچ گرانٹ کے تحت 20 تحقیقی تجاویز کا انتخاب کر لیا ہے۔ یہ اعلان سعودی عرب اور چین کے ثقافتی سال 2025 کا حصہ ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ گرانٹ چین عرب ’ثقافتی اور سیاحتی تعاون ریسرچ سینٹر‘ کی مدد سے مختص کی گئی ہے اور اعلٰی درجے کی تعلیم میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ہے جس سے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعلقات پر مزید تحقیق کی جائے گی۔
20 حتمی تجاویز کا انتخاب اسی سائنسی کمیٹی نے کیا جو اس پروگرام کی نگرانی کر رہی ہے۔ کمیٹی کے سامنے دنیا بھر سے سکالرز اور تحقیقی گروپوں کی جانب سے بڑی تعداد میں تجاویز آئی تھیں۔
منتخب ہونے والے تحقیق کاروں میں 7 کا تعلق سعودی عرب سے،7 کا چین سے اور 6 کا دیگر بین الاقوامی اداروں سے ہے جو انتخاب کے طریقے اور نقطۂ نظر کے تنوع کو ظاہر کرتا ہے۔
منتخب سٹڈیز کو ریاض اور بیجنگ میں ہونے والے تعلیمی سمپوزیم یا مجلسِ مذاکرہ میں پیش کیا جائے گا جو ایک طرح سے عالمانہ مکالمے اور علمی تبادلے کا پلیٹ فارم ہوگا۔
جن 20 تجاویز کا انتخاب کیا گیا ہے وہ گرانٹ دینے والوں کی طرف سے نمایاں کردہ پانچ موضوعات سے تعلق رکھتی ہیں۔

وزارت، ایک باہمی ریسرچ فیلوشپ پروگرام بھی تیار کر رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

ان میں تاریخ اور ثقافتی میراث، وژوئل اور پرفارمنگ آرٹس، ادب اور ترجمہ، ثقافتی اقتصادیات اور تخلیقی صنعت اور عصرِ حاضر کے ثقافتی تبادلوں میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے کردار کی اہمیت پر مبنی ہیں۔
سٹڈیز نہ صرف سعودی عرب اور چین کے طویل مدتی رابطوں کو ظاہر کرتی ہیں بلکہ فریقین میں نمو پاتے ہوئے ثقافتی انٹر ایکش اور بصیرت بڑھانے میں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔
گرانٹ کے ساتھ ساتھ، وزارت، ایک باہمی ریسرچ فیلوشپ پروگرام بھی تیار کر رہی ہے تاکہ علمی تبادلے کے مواقع بڑھائے جا سکیں۔
اس انیشی ٹِیو سے چینی سکالرز کو ریاض میں واقع ’کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈیز‘ میں بلایا جائے گا جبکہ سعودی سکالر، بیجنگ کی یونیورسٹی میں تحقیقی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔

دونوں ملکوں کے درمیان اکٹھے تعلیمی کام کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے (فوٹو: عرب نیوز)

اس تبادلے سے ادارہ جاتی شراکت مستحکم ہوگی اور دونوں ملکوں کے درمیان اکٹھے تعلیمی کام کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزارتِ ثقافت نے ریسرچ گرانٹ کو اعلٰی کوالٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے شروع کیا تھا جس کا مقصد تھا کہ چین اور سعودی عرب کے ثقافتی تعلقات میں بہتری لائی جائے اور دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تر سمجھ بوجھ میں اضافہ کیا جا سکے۔
یہ انیشیٹِیو وزارت کے اس عہد کا اظہار ہے جس کے تحت بین الاقوامی ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو پروان چڑھانا ہے۔

 

شیئر: