انڈین ریاست آسام میں مسافر ٹرین کی ٹکر سے سات ہاتھی ہلاک ہو گئے
سال 2023-2024 میں انڈیا بھر میں ہاتھیوں کے ہاتھوں 629 افراد ہلاک ہوئے (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈیا میں ایک مسافر ٹرین کی ٹکر سے سات ہاتھی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ اس دوران ٹرین کے پانچ ڈبے بھی پٹری سے اتر گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے بتایا یہ واقعہ سنیچر کی صبح ریاست ٓآسام میں پیش آیا۔ یہ ٹرین میزورم سے دارالحکومت نئی دہلی جا رہی تھی۔
اس واقعے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
انڈیا کی ریاست آسام لگ بھگ انڈیا میں موجود 22 ہزار میں سے لگ بھگ چار ہزار ہاتھیوں کا مسکن ہے۔
آسام کے سینیئر پولیس آفیسر وی وی راکیش ریڈی نے اس واقعے کے بارے میں اے ایف پی کو بتایا کہ سات ہاتھی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔
انڈین ریلوے کے ترجمان کپینجل کشور شرما نے کہا کہ حکام نے ہاتھیوں کی راہداریوں (گزرگاہوں) کے لیے مقرر کردہ راستوں پر رفتار کی پابندیاں متعارف کرائی ہیں لیکن تازہ ترین حادثہ ان زونز سے باہر پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ ’لوکو پائلٹ نے ہاتھیوں کے ریوڑ کو دیکھ کر ہنگامی بریک لگائی لیکن ہاتھی ٹرین سے ٹکرا گئے۔‘
ہاتھیوں کے مسکن کے قریب جنگلات کی کٹائی اور تعمیراتی سرگرمیاں ان جانوروں کو خوراک کے لیے زیادہ بھٹکنے پر مجبور کرتی ہیں جس کے باعث اکثر ان کا انسانوں کے ساتھ ٹکراؤ ہو جاتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2023-2024 میں انڈیا بھر میں ہاتھیوں کے ہاتھوں 629 افراد ہلاک ہوئے۔
