نئے سال کی آمد پر لندن میں سعودی ثقافتی تقریب، محمد عبدہ کا تاریخی کنسرٹ
محمد عبدہ نے کنسرٹ کے وقت کو ایک ’شاندار انتخاب‘ قرار دیا۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
سعودی عرب کے معروف گلوکار اور موسیقی کے آئیکون محمد عبده نے لندن میں ایک تاریخی کنسرٹ کے ذریعے نئے سال کا استقبال کیا جسے منتظمین نے برطانوی دارالحکومت میں مملکت کی جانب سے منعقد کی جانے والی پہلی تقریب قرار دیا۔
عرب نیوز کے مطابق گلوبل گالا کے زیر اہتمام اس تقریب میں 14 سو سے زیادہ افراد نے شرکت کی جن میں سعودی عرب سے اور یورپ کے مختلف ممالک سے آنے والے سعودی شائقین بھی شامل تھے۔
مقامی شائقین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جو اس شام کی مقبولیت اور سعودی عرب کی ثقافتی تقریبات کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی موجودگی کو نمایاں کرتا ہے۔
یہ کنسرٹ گرونر ہاؤس کے گریٹ روم میں منعقد ہوا جو محمد عبده کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہی وہ مقام ہے جہاں انہوں نے لندن میں پہلی بار پرفارم کیا تھا۔
شو کے اعلان کے فوراً بعد ٹکٹ تیزی سے فروخت ہو ئے۔ منتظمین کے مطابق شاندار ردعمل نے نہ صرف محمد عبده کی مقبولیت کو ظاہر کیا بلکہ بیرون ملک سعودی قیادت میں نئے سال کی تقریب کے حوالے سے پائے جانے والے جوش و خروش کی بھی عکاسی کی۔
کنسرٹ کے وقت کے بارے میں پوچھے جانے پر محمد عبده نے منتظمین کی تعریف کی۔
انہوں نے نئے سال کی شام کے موقعے پر اس تقریب کے انعقاد کے فیصلے کی تعریف کی اور اسے ایک ’شاندار انتخاب‘ قرار دیا جو نئے سال کے استقبال کے جذبے کے ساتھ ہم آہنگ تھا۔
چار گھنٹوں کے دوران محمد عبده نے اپنے کیریئر کے کئی دہائیوں پر محیط 16 گانے پیش کیے۔
شرکا میں تفریح، میڈیا اور مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات بھی شامل تھیں۔