سعودی معاشرے میں گلہ بانی کا قدیم پیشہ آج بھی قائم دائم
گلہ بانی ٹیکنالوجی کے ساتھ بدل چکی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
گلہ بانی، جزیرہ نمائے عرب کی زندگی میں گہرائی سے بسا ہوا ایک قدیم پیشہ ہے جس نے اس کے سماجی، اقتصادی اور ثقافتی طریقوں کو شکل دی ہے اور یہ مملکت کے تمام علاقوں میں ایک معاشی سرگرمی اور نسل در نسل منتقل ہونے والے ورثے کے طور پر آج بھی قائم ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق صحرا نشین تاریخی طور پر گوشت، دودھ اون اور کھالوں کے لیے اونٹوں اور بھیڑوں پر، اور نقل و حمل و تجارت کے لیے اونٹوں پر انحصار کرتے تھے۔ گلہ بان ماحولیاتی حالات کے مطابق چراگاہوں اور پانی کی تلاش میں موسمی نقل مکانی کرتے تھے۔
یہ پیشہ جزیرہ نمائے عرب کے ثقافتی ورثے کا حصہ ہے جس میں زمین، پانی کے وسائل، چارے والے پودوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال کا موروثی علم شامل ہے اور یہ تعاون اور معلومات کے تبادلے کی قدروں کو فروغ دیتا ہے۔
اونٹ اور صحرائی زندگی عربی شاعری، ادب اور ضرب المثالوں میں نمایاں موضوعات ہیں جن میں سفر کی تفصیلات اور صحرائی پڑاؤ سے لے کر گلہ بانی سے جڑے زبانی فنون شامل ہیں۔
ان میں الحداء بھی شامل ہے جو کہ وہ ترنم والے بول ہیں جنہیں گلہ بان اپنے اونٹوں سے رابطے اور ان کی رہنمائی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ یونیسکو نے 2022 میں اسے انسانیت کے غیر مادی ثقافتی ورثے کی نمائندہ فہرست میں الحداء، اونٹوں کے ریوڑ کو بلانے کی زبانی روایات‘ کے طور پر شامل کیا تھا۔
گلہ بانی ٹیکنالوجی کے ساتھ بدل چکی ہے۔ جی پی ایس آلات جانوروں کی لوکیشن اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکتے ہیں جبکہ جدید ویٹرنری آلات معائنے، تشخیص اور بیماریوں کی بروقت نشاندہی میں مدد فراہم کرتے ہیں، جس سے ریوڑ کی صحت بہتر ہوتی ہے اور نقصان میں کمی آتی ہے۔

اس پیشے کے لیے ریوڑ کا انتظام سنبھالنے، ان کی خوراک اور پانی کی ضروریات کو سمجھنے، چرنے کی جگہوں کا انتخاب کرنے، جانوروں کی صحت اور رویے پر نظر رکھنے، انہیں خطرات سے بچانے اور مختلف ماحول کے ساتھ ڈھلنے کی مہارتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
مویشیوں اور علاقے کی نوعیت کے لحاظ سے استعمال ہونے والے وسائل میں لاٹھیاں، تربیت یافتہ کتے اور جدید مواصلاتی و ٹریکنگ آلات شامل ہیں۔
مویشیوں کے وسائل کو فروغ دینے اور اس سے منسلک ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کی کوششوں کے تعاون سے، گلہ بانی مملکت کی معاشی اور سماجی زندگی میں اپنا مقام برقرار رکھے ہوئے ہے۔
