Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری نے 17 سال بعد بیٹے کے قاتل کو معاف کر دیا

سعودی شہری کے مطابق فیصلہ صرف رب کی رضا حاصل کرنے کے کیا ہے (فوٹو :سکرین گریب)
سعودی عرب کے تبوک ریجن میں سعودی شہری مسلم محمد الحویطی نے اپنے بیٹے کے قاتل کو 17 برس بعد رب تعالی کی رضا کے لیے معاف کر دیا۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم محمد الحویطی نے بتایا کہ ’بیٹے کے قاتل کو معاف کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا تاہم یہ فیصلہ صرف رب کی رضا حاصل کرنے کے لیے کسی مالی مفاد کے بغیر کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اتنے برس بعد معافی کا فیصلہ کیا اگرچہ اس دوران صلح کی کافی کوششیں کی گئیں مگر کسی طرح بھی دل بیٹے کے قاتل کو معاف کرنے کے لیے تیار نہ تھا۔‘
قبائلی جرگے اور دیگر اقارب کی جانب سے بھی ہمیں معافی کے لیے کہا جاتا رہا مگر اس وقت ہمارا قطعی فیصلہ تھا کہ قاتل کو اس کے کیے کی سزا ملنی چاہیے۔
مقتول کے بھائی سلیم الحویطی نے بتایا کہ ’17 برس قبل یہ واقعہ پیش آیا، اس دوران اہل قبیلہ اور عزیزوں کی جانب سے والد کو معاف کرنے کے حوالے سے کہا گیا مگر والد کسی صورت میں تیار نہ تھے۔
’ایک دن والد نے بتایا کہ وہ مسلسل استخارہ کر رہے ہیں۔ اب وہ بیٹے کے قاتل کو صرف اور صرف رب کی رضا کے لیے معاف کرنا چاہتے ہیں کیونکہ رب تعالی کا ارشاد ہے’ جس نے معاف اور درگزر کیا اس کا اجر اللہ کے پاس ہے۔‘
قاتل کو معاف کرنے کے فیصلے کے بعد گورنر تبوک ریجن شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز نے سعودی شہری مسلم محمد الحویطی اور ان کے اہل خانہ سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور ان کے اس جذبے کو سراہا جس کے تحت انہوں نے اپنے بیٹے کے قاتل کو محض رب تعالی کی رضا کے لیے معاف کیا۔

 

شیئر: