Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجدی دروازے سعودی عرب کی قدیم تعمیراتی ورثے کا اہم حصہ

دورازوں پر بنائے جانے والے نقش ونگار بنیادی اہمیت کے حامل ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
اہل نجد کے تیار کردہ روایتی دروازے اپنے منفرد نقوش اور پھول بوٹوں کے باعث مملکت کے قدیم طرزِ تعمیر اور ثقافتی ورثے کی نمایاں علامت مانے جاتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ دروازے محض گھروں کی حفاظت کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ نسلوں سے منتقل ہونے والے ایک قدیم ہنر اور فنکاری کے عکاس بھی ہیں۔
نجدی دروازوں کی تیاری میں مقام طورپر ’اثل‘ درخت کی لکڑی اور کھجور کے تنوں کا استعمال کیا جاتا تھا۔
ماہر فن ان لکڑیوں کی مضبوطی اور ہلکے پن کو مدنظر رکھتے ہوئے ان سے ایسے دروازے تیار کرتے تھے جو پائیداری اور خوبصورتی کا حسین امتزاج ہوتے تھے۔
نجدی دروازوں کی خاص بات ان کی مضبوطی اور باہم جڑے ہوئے مختلف حصے ہوتے ہیں۔ ان کی تیاری مںی کھجور کے تنوں کی لکڑی ہلکے پن کے باعث جبکہ اثل کی لکڑی مضبوطی کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
دورازوں کی تیاری میں ان پر بنائے جانے والے نقش ونگار بنیادی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان میں سورج مکھی کے پھول، انگور کے خوشے، کھجور کے پتے، بارش کے قطروں اور دیگر قدرتی اشکال نمایاں ہوتی ہیں۔

یہ ڈیزائن محض آرائش نہیں بلکہ مختلف علامات بھی ہوتی ہیں۔ مثال کے طورپر سورج کا مطلب آغاز، بارش کے قطروں سے مراد امید اور خوش حالی، کھجور کے پتے سخاوت کے علامت مانے جاتے ہیں۔
نجدی دروازوں کی اہمیت صرف تعمیراتی اور جمالیاتی پہلووں تک ہی محدود نہیں تھی بلکہ ان سے معاشرتی زندگی اور گھریلو ضروریات بھی وابستہ تھیں۔
بڑے دروازے گھروں کے مرکزی داخلی راستوں کی حفاظت کے لیے جبکہ چھوٹے دروازے قیمتی اشیا، ہتھیاروں اور کھوروں کو محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہوتے تھے۔ بعض دروازوں پر اقوال زریں، دعائیں اور اشعار بھی کندہ کیے جاتے تھے۔

روایتی دستکاری کے ماہر اور نجدی دروازوں کی تربیت کے پروگرام سے منسلک ٹیچر احمد الفوزان کے مطابق حائل، قصیم اور ریاض میں ان دروازوں کے نقش ونگار کے انداز ایک دوسرے سے مختلف ہوتے تھے جو ہر علاقے کی اپنی مخصوص شناخت رکھتے ہیں۔
 درعیہ اور ریاض کے دروازوں پر عموما نقطوں کے ذریعے سرخ و سیاہ رنگوں کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ قصیم مںی دروازے کے تقریبا پورے حصے پر نقش و نگار بنائے جاتے ہیں۔ وہاں دروازوں کے مختلف حصوں اور آرائشی اشیا کے لیے مخصوص نام بھی رائج ہیں۔

 نجدی دروازے سعودی عرب کی قدیم تعمیراتی ورثے کا اہم حصہ ہیں جن میں مقامی وسائل کے فنکارانہ استعمال، روایتی دستکاری اور ثقافتی شناخت کی جھلک نمایاں ہوتی ہے۔
خیال رہے رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹس ’ورث‘ کے تعاون سے نجدی دروازوں کی دستکاری کا تربیتی پروگرام بھی جاری ہے جس کے تحت تقریبا ہر ڈیڑھ سال بعد نئے طلبہ کو تربیت دی جاتی ہے تاکہ اس قدیم ہنر کو اس کی اصل حالت میں محفوظ رکھتے ہوئے نسل نو تک منتقل کیا جاسکے۔

 

شیئر: