سی ڈی ایف جنرل عاصم منیر کا دورہ جرمنی، امریکی وزیرخارجہ سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں
سی ڈی ایف جنرل عاصم منیر نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے 12 سے 14 فروری تک جرمنی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 62ویں میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کی اور متعدد عالمی شخصیات سے اہم ملاقاتیں کیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل نے کانفرنس کے موقع پر مختلف ممالک کے رہنماؤں اور دفاعی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے جرمن حکام سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے جرمن وزیر داخلہ الیگزینڈر ڈوبرنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور سکیورٹی امور پر گفتگو ہوئی۔
آرمی چیف نے جرمن چانسلر کے مشیر گونٹر سوٹر اور چیف آف ڈیفنس کارسٹن بریوئر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں عالمی امن کے فروغ اور مکالمے کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔
مزید برآں، برازیلین جوائنٹ اسٹاف چیف ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگوئیار فریرے سے ملاقات میں عسکری تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسی طرح لبنانی افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے بھی آرمی چیف سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی اور دفاعی اشتراک کے امور زیر بحث آئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ جرمنی کے دوران ہونے والی ملاقاتوں میں عالمی و علاقائی استحکام، دفاعی تعاون اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
