شاہ سلمان نے قومی فلاحی مہم کے چھٹے ایڈیشن کی منظوری دے دی
اتوار 15 فروری 2026 19:42
مہم کا آغاز ’احسان‘ پلیٹ فارم کے ذریعے جمعہ 20 فروری سے ہوگا۔( فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قومی فلاحی مہم کے چھٹے ایڈیشن کی منظوری دی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مہم کا آغاز سعودی عرب میں نیشنل پلیٹ فارم فار چیریٹیبل ورک’احسان‘ کے ذریعے جمعہ 20 فروری سے ہوگا۔
یہ اقدام فلاحی کاموں کے لیے سعودی قیادت کی مسلسل سپورٹ کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد رمضان کے دوران اس کے اثرات کو بڑھانا ہے۔
قومی فلاحی مہم شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کی انسان دوستی کے عزم کو اجاگر اور رمضان المبارک کے دوران سماجی تعاون کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
احسان پورٹل کی نگران کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماجد القصبی نے سعودی قیادت کی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا۔ مذہبی اقدار اور عرب روایات کے تحت مملکت بھر میں فلاحی کاموں کو بڑھانے میں پلیٹ فارم کے کردار پر زور دیا۔
یاد رہے شاہی احکامات کے تحت سال 2021 میں قومی احسان پورٹل کو لانچ کیا گیا تھا جس کا مقصد ضرورت مند طبقے کی مصدقہ ذرائع سے مدد کرنا ہے۔
احسان پلیٹ فارم کی کارروائی مکمل طورپر شفاف ہوتی ہے جس کی نگرانی کے لیے 13 حکومتی اداروں پر مشتمل مشترکہ ٹیم کام کرتی ہے تاکہ عطیات کے معاملات کو مکمل طورپرشفاف رکھا جائے۔
