ایکسپو 2030 ریاض: امریکہ نے سرکاری شرکت کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے
ہفتہ 31 اکتوبر 2026 17:05
معاہدہ اٹلانٹا میں جی 20 اجلاس کے موقع پرطے پایا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایکسپو 2030 ریاض میں امریکہ کی شرکت کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ معاہدہ اٹلانٹا میں جی 20 ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر طے پایا ہے۔
ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات کا جائزہ، ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر غور کے علاوہ علاقائی صورتحال اور مشرق وسطی کو درپیش چیلنجوں سے نمنٹے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بند نے بھی شرکت کی۔
اس معاہدے کے تحت ایکسپو 2030 ریاض میں امریکہ بطور ’سرکاری شریک‘ ملک کی حیثیت سے شامل ہوگا۔ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کو اس عالمی ایونٹ کی تیاریوں کے لیے ایک باضابطہ فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
سعودی عرب نے نومبر 2023 میں پیرس میں منعقدہ بیورو انٹرنیشنل ڈیس ایکسپوزیشنز کی جنرل اسمبلی میں ایکسپو 2030 کی میزبانی حاصل کی تھی۔

ریاض نے پہلے مرحلے میں کل 165 جائزہ ووٹوں میں سے 119 ووٹ حاصل کیے۔ جنوبی کوریا کے شہربوسان اور اٹلی کے شہر روم کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ایکسپو، یکم اکتوبر 2030 سے 31 مارچ 2031 تک ریاض کے شمال میں کنگ سلمان ایئرپورٹ کے قریب چھ ملین مربع میٹر کے رقبے پر منعقد کی جا ئے گی۔
معروف برطانوی کمپنی بُورو ہوپلڈ کے ساتھ ’ ایکپسو2030 ‘ کا تفصیلی ماسٹر پلان تیار کرنے کا ایک معاہدہ کیا گیا ہے۔

ماسٹر پلان میں بُورو ہوپلڈ، ایکسپو کے انفرا سٹرکچر کا ڈیزائن، لینڈ سکیپنگ اور سہولتوں سے متعلقہ پروجیکٹ کی سربراہی کرتے ہوئے مشاورت کا کام کرے گی۔
’ ایکپسو2030 ریاض‘ میں 197 ممالک شرکت کریں گے۔ 42 ملین سے زائد وزیٹرز کی آمد متوقع ہے۔
