کھجور سے شیرے کی تیاری تک: کسانوں کی فصل سے بھرپور استفادے کی کوشش
شیرے کی تیاری کا پہلا مرحلہ موزوں کھجوروں کی چھانٹی ہوتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن میں کھجوروں کی فصل پکنے کے ساتھ ہی ان کی کٹائی کے سیزن کا آغاز ہو چکا ہے۔ کھجور کے گودے سے مختلف غذائی مصنوعات بھی تیار کی جاتی ہیں جن میں سرفہرست کھجور کا شیرہ (سیرپ) ہے۔
ایس پی اے کے مطابق کھجور کے شیرے کے تیاری کا عمل کئی مراحل سے گزرتا ہے۔ شیرے کو مختلف مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے جبکہ اسے طویل عرصے تک محفوظ بھی کیا جاتا ہے۔
شیرے کی تیاری کا پہلا مرحلہ موزوں کھجوروں کی چھانٹی ہوتی ہے جس کے بعد انہیں صاف کرکے خشک کیا جاتا ہے۔ زیادہ گودے والی کھجوروں کو جدا کرکے انہیں رس نکالنے کے مرحلے سے گزارا جاتا ہے۔
اس رس کو ایک مخصوص درجہ حرارت پر گرم کرکے گاڑھا کرکے شیرہ بنایا جاتا ہے جسے مختلف پکوانوں اور میٹھے میں استعمال کیا جاتا ہے۔ کئی غذائی اشیا میں اسے مٹھاس کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
کھجور کے شیرے اور دیگر مصنوعات سے سال بھر اس کی فصل کی مارکیٹنگ کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں کھجور اور اس سے بنی اشیا کی پورسیسنگ سے وابستہ کاروبار کے مزید مواقع کھلتے ہیں۔

سعودی کاشتکار محمد السوید جو کھجوروں کی پروسیسنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں کا کہنا ہے کھجوروں کو کامیابی سے مختلف غذائی مصنوعات میں تبدیل کیا جا سکتا ہے جن میں کھجور کا شیرہ نمایاں ہے۔ یہ کھانوں اور مٹھائیوں کی تیاری میں مختلف طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھجور کی پروسیسنگ سے فصل کی قدر میں اضافہ ہوتا ہے۔ فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھجور کی پروسیسنگ کو وسعت دینے کے لیے کاشتکاروں اور پیداواری اداروں کے درمیان تعاون بڑھانا، رس نکالنے اور مصنوعات تیار کرنے کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ضروری ہے۔ اس سے کھجور کی فصل سے سال بھر بہتر فائدہ اٹھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
