سعودی سفیر کی پاکستان کے وزیر تجارت سے ملاقات، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
ہفتہ 31 اکتوبر 2026 10:42
پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال خان سے سعودی عرب کے نئے تعینات ہونے والے سفیر ڈاکٹر راجح البقمی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔
پی ٹی وی کے مطابق جام کمال خان نے کہا کہ سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت پاکستان کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ پاکستان کی صنعتی اور پیداواری صلاحیتیں سعودی مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے پاکستانی مصنوعات کی سعودی منڈی تک رسائی بڑھانے اور نجی شعبے کی شراکت داری کو فروغ دینے پر زور دیا۔
ملاقات میں صنعتی تعاون، جدید ٹیکنالوجی، زرعی شعبے اور علاقائی تجارتی روابط بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر جلد دستخط اور اس کے نفاذ کی اہمیت پر بھی بات ہوئی۔
سعودی سفیر نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں ممالک نے باقاعدہ رابطے جاری رکھنے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے اقتصادی شراکت داری مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔
