رمضان اعانت: شاہ سلمان کی تین ارب ریال تقسیم کرنے کی ہدایت
جمعرات 19 فروری 2026 20:48
خاندان کے سربراہ کو ایک ہزار اور ہر فیملی ممبر کو 500 ریال دیے جائیں گے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش پر سماجی کفالت سے مستفید ہونے والوں میں رمضان میں تین ارب ریال سے زیادہ امداد تقسیم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام ماہ رمضان میں مستحق افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کو یقینی بنانے کے لیے قیادت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خاندان کے سربراہ کو ایک ہزار ریال اور ہر فیملی ممبر کو 500 ریال مالی معاونت کی مد میں دیے جائیں گے۔
توقع ہے یہ رقم چوبیس گھنٹے کے اندر سماجی کفالت سے مستفید ہونے والوں کے بینک اکاونٹ میں براہ راست منتقل کی جائے گی۔
وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے سماجی کفالت سے مستفید ہونے والوں اور رمضان کے دوران ضرورت مند شہریوں کی ضروریات پر توجہ دینے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے بیوہ، یتیم، بے روزگار افراد، معمر اور معذور سماجی کفالت سے مستفید ہونے والوں میں شامل ہیں۔
