Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹر محمد یوسف کے اعزاز میں تقریب، ’سعودی ٹیم جلد آئی سی سی ایونٹس میں نظر آئے گی‘

سعودی عرب کے شہر الجبیل میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کی بڑی تعداد سمیت سعودی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی شریک ہوئے۔
تقریب کا اہتمام الجبیل کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کے علاوہ سعودی کرکٹ فیڈریشن کے جنرل مینیجر اقبال سکندر اور سعودی کرکٹ ٹیم اور کمیونٹی اراکین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 
اس موقع پر الجبیل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر معاذ منیر نے الجبیل سپر لیگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی لیگ ہو گی جس کے ذریعے کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب میں جس انداز سے کرکٹ کو فروغ دیا جا رہا ہے بہت جلد سعودی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے بڑے ایونٹس کا حصہ ہو گی۔
وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم خواتین کرکٹ میں دلچسپی رکھتی ہیں اور میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بہتر انداز  سے مظاہرہ کر رہی ہیں۔
اردو نیوز کے نامہ نگار ذکا اللہ محسن کی ویڈیو رپورٹ
 

شیئر: