Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی پروگرام کے تحت حج سیزن میں خوراک کا ضیاع کیسے روکا جا رہا ہے؟

حج بلا ھدر پروگرام سے منسلک افراد کی تعداد ایک ہزار 60 ہے (فوٹو: اردو نیوز)
جدہ سپرڈوم میں حج کانفرنس و نمائش میں سعودی فوڈ بینک نے ’حج بلا ھدر‘ (ضیاع کے بغیر حج) سلوگن کے تحت خصوصی شرکت کی۔
مملکت میں اشیائے خورونوش کو تلف یا ضائع ہونے سے بچانے کے لیے غیرمنافع بخش ادارے کے تعاون سے خصوصی پروگرام  پر عمل کیا جاتا ہے۔
اس پروگرام کے تحت ہوٹلوں، شادی ہالز اور دیگر تقریبات کے علاوہ حج ایام میں اضافی خوراک بروقت جمع کرکے ضرورت مندوں میں تقسیم کی جاتی ہے۔
سپر ڈوم میں سعودی فوڈ بینک کی جانب سے’حج بلا ھدر‘ کے سلوگن کے تحت لگائے جانے والے سٹال پر موجود اہلکار نے اردو نیوز کو بتایا کہ پروگرام کا باقاعدہ آغاز پانچ برس قبل کیا گیا تھا جس کا مقصد حج سیزن میں اضافی خوراک کے ضیاع کو روکنا اور اسے ازسرِ نو پیک کرکے ضرورت مندوں تک پہنچانا ہے۔
ادارے کی جانب سے آئندہ حج میں بھی خوراک کو محفوظ کرکے اسے بروقت ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کرنے کا پروگرام ہے۔
 گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 60 لاکھ 21 ہزار 602 اشیائے خورونوش کو ری پیک کرکے انہیں ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گزشتہ پانچ برسوں کے دوران تقسیم کی جانے والی اشیائے خورونوش کی مجموعمی مالیت چھ کروڑ 38 لاکھ ریال سے زائد ہے۔ حج بلا ھدر پروگرام سے منسلک افراد کی تعداد ایک ہزار 60 ہے جو حج سیزن میں رضاکارانہ  یہ خدمات انجام دیتے ہیں۔
اشیائے خورونوش کومحفوظ کرنے کے لیے اسے فوڈ پروسیسنگ کے مرحلے سے گزار کر یہ دیکھا جاتا ہے کہ موصول ہونے والی خوراک کسی قسم کے جراثیم وغیرہ سے تو متاثر نہیں۔
خوراک کو ری سائیکل کرنے اور انہیں ضرورت مندوں تک منتقل کرنے کے طریقۂ کار کے حوالے سے بنایا گیا کہ ’مشاعر مقدسہ کے مختلف مقامات سے ادارے کی مخصوص گاڑیوں کے ذریعے اضافی خوراک (غیراستعمال شدہ) کو اکھٹا کیا جاتا ہے۔ گرم کھانے کے لیے ہیٹر والی مخصوص گاڑیاں فراہم کی جاتی ہیں جبکہ ٹھنڈے مشروبات کے لیے کولڈ سٹوریج کی سہولت موجود ہے۔
ادارے کی گاڑیوں کے ذریعے اضافی خوراک کو بلا کسی تاخیر کے مقررہ سٹیشن منتقل کیا جاتا ہے جہاں موجود اہلکار خوراک کا جائزہ لینے کے بعد انہیں محفوظ پیکنگ کے مرحلے سے گزارتے ہیں بعد ازاں انہیں تقسیم کے لیے بھیج دیا جاتا ہے۔
حج سیزن کے دوران خوراک کے ضیاع کو روکنے کے لیے حجاج کی قیام گاہوں پر مختلف زبانوں میں معلوماتی ہینڈ بلز وغیرہ فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ اضافی خوراک کو بروقت ادارے تک پہنچانے کے امر کو ممکن بنایا جائے اور اسے ضائع ہونے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

 

شیئر: