Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وادی ضیم: مکہ کے قریب دلکش پہاڑی مناظر اور عربی ادب کا تاریخی ورثہ

یہ علاقہ قدرتی آبی گزرگاہوں کے ایک وسیع نظام کا حصہ ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ ریجن کے جنوب مشرق میں واقع وادی ضیم اپنے متنوع پہاڑی مناظر اور گہرے ادبی ورثے کے باعث منفرد حیثیت کی حامل ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس وادی کا ذکر قدیم عربی شاعری میں بھی ملتا ہے۔ متعدد شعرا نے اپنے کلام میں وادی کے قدرتی ماحول اور جغرافیائی خدوخال کی دلکشی کا ذکر کیا ہے۔ وادی میں بلند پہاڑوں، گھاٹیوں اور چٹانی راستوں کا حسین امتزاج اسے سیاحتی اور ماحولیاتی اعتبار سے نمایاں مقام بناتا ہے۔
وادی ضیم شہرِ مقدس کے جنوب میں واقع وادی ملکان کی معاون وادیوں میں سے ایک ہے۔ اس کا پانی، شفا کے ھذیل پہاڑی سلسلے کی بلندیوں سے آتا ہے۔ پہاڑوں و گھاٹیوں کے سلسلے گزرتا ہوا مغرب کی جانب وادی ملکان تک پہنچتا ہے۔
یہ علاقہ قدرتی آبی گزرگاہوں کے ایک وسیع نظام کا حصہ ہے جو بارش اور سیلابی پانی کی نکاسی کے ساتھ ساتھ خطے کی وادیوں اور پہاڑی علاقوں کو آپس میں ملانے کا ذریعہ ہے۔
وادی ضیم متعدد گھاٹیوں اور متنوع جغرافیائی خدوخال کے باعث بھی پہچانی جاتی ہے۔ اس کی نمایاں گھاٹیوں میں ’نقحا، البصرہ، بنعی، حضر اور الضحیا شامل ہیں۔

ان تمام مقامات کا پانی قدرتی راستوں سے گزرتا ہے جن کے اطراف بلند چٹانی پہاڑ واقع ہیں۔ یہ آبی راستے آگے چل کر پہاڑی تنگ دروں تک پہنچتے ہیں جنہیں ’الکراب‘ کہا جاتا ہے۔
وادی کے بالائی حصے میں قراش، شثر اور حضر کے پہاڑ ہیں۔ یہاں کے جغرافیائی خدوخال تنگ پہاڑی راستے، چٹانی ڈھلوانیں اور ہموار میدان شامل ہیں جن کی موجودہ شکل قدرتی عوامل کے زیرِ اثر طویل عرصے میں تشکیل پائی ہے۔

وادی ضیم کی تاریخی اور ادبی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قدیم عرب شعرا نے اپنے قصائد میں اس کا ذکر کیا ہے۔ ان شعرا میں ابوجندب بن مرۃ الھذلی شامل ہیں جنہوں نے اپنے ایک شعر میں اس وادی کا ذکر کیا۔
وادی کا پہاڑی قدرتی ماحول سیاحت اور تفریح کے حوالے سے بھی منفرد خصوصیات کا حامل ہے۔ قدرتی مناظر اور چٹانی ساختوں میں دلچسپی رکھنے والے یہاں صحرائی اور پہاڑی سیاحت، قدرتی مقامات کی سیر اور فوٹوگرافی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ بالخصوص معتدل موسم میں یہاں کی سیر اور قدرتی ماحول میں وقت گزارنے کا لطف ہی الک ہے۔

 

 

شیئر: