سعودی کابینہ: علاقائی امن و استحکام کے لیے کوششوں کی سپورٹ کا اعادہ
ولی عہد کی زیر صدارت اجلاس میں علاقائی اور عالمی امور زیر بحث آئے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے بحیرہ احمر، آبنائے باب المندب اور آبنائے ہرمز میں میری ٹائم نیویگیشن اور آبی گزرگاہوں کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالنے والی تمام سرگرمیاں فوری بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کابینہ نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کو فروغ دینے، دہشتگردی اور اس سے وابستہ کریمنل ملیشیاؤں کے خلاف کی جانے والی کوششوں کے لیے سعودی عرب کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
ایس پی اے کے مطابق ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں منعقد ہوا جس میں علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے۔
اجلاس کے آغاز میں ولی عہد نے بحرینی شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ اور شام کے صدر احمد الشرع کے ساتھ ملاقات کے نتائج کے ساتھ کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی اور یونان کے وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے سعودی خبررساں ایجنسی کو بتایا کابینہ نے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کو آپس میں جوڑنے والے جی سی سی ریلوے پروجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا۔
اس کے ساتھ خادم حرمین شریفین کے اس وژن پر عملدرآمد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جس کا مقصد سٹریٹیجک تعاون، جی سی سی کے مشترکہ اقدامات کو مضبوط بنانا،مقررہ اہداف کا حصول اور جی سی سی ممالک کے عوام کی امنگوں کو پورا کرنا ہے۔
ملکی امور کے حوالے سے کابینہ نے چھٹی حج کانفرنس اور نمائش کے افتتاح کے موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خطاب کو سراہا۔
حرمین شریفین اور عازمین کی خدمت کے لیے سعودی عرب کی کوششوں اور حج نظام کو مسلسل ترقی دینے کے عزم کو سراہا جس کے تحت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ، سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ اور حج خدمات کو وسعت دی جا رہی ہے۔
عازمین حج کی آمد اور واپسی تک کے سفر کوآسان بنانے کے لیے نئے معاہدوں اور شراکت داریوں کا بھی ذکر کیا گیا۔
اجلاس میں قومی شعبوں اور ادارہ جاتی نظام کی مجموعی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے صحت، بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل گورننس اور تکنیکی جدت سمیت متعدد شعبوں میں درجنوں عالمی و علاقائی اعزازات حاصل کرنے کو سراہا۔
اجلاس کے اختتام میں کابینہ کے ایجنڈے میں شامل مختلف امور زیر غور آئے جن میں شوری کونسل کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات و تجاویز بھی شامل تھیں۔
کابینہ نے مختلف ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی جن میں وزارتِ توانائی کو جمہوریہ کوریا کے ساتھ پیٹرول اور گیس کے میدان، سعودی وزیر سرمایہ کاری یا ان کے مقرر کردہ نمائندے کو بنگلہ دیش کے درمیان سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور باہمی تحفظ سے متعلق مجوزہ معاہدے پر دستخط کرنے کا اختیار دیا گیا۔
