Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ریپ کے الزامات‘، آر سی بی کا یش دیال کو آئی پی ایل 2026 سکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ

یش دیال دفاعی چیمپئن آر سی بی نے آئی پی ایل 2026 سے قبل ریٹین کیا تھا (فائل فوٹو: آر سی بی)
رائل چیلنجرز بنگلورو(آر سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ ریپ الزامات کا سامنا کرنے والے فاسٹ بولر یش دیال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ٹیم کے ڈائریکٹر آف کرکٹ مو بوبٹ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یش دیال اس وقت ’ذاتی صورتحال‘ سے گزر رہے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں سکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یش دیال جنہیں دفاعی چیمپئن آر سی بی نے آئی پی ایل 2026 سے قبل ریٹین کیا تھا، اس وقت سنگین الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ان کے خلاف ’پاکسو ایکٹ‘ کے تحت کیس درج ہے، جو کم عمر بچوں کے خلاف جنسی جرائم سے متعلق ہے۔ جے پور کی ایک خصوصی عدالت نے دسمبر 2025 میں ان کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ اس کے علاوہ غازی آباد میں بھی ایک خاتون نے ان پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
آر سی بی کو اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب انہوں نے گزشتہ منی آکشن سے قبل یش دیال کو ریٹین کرنے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں وہ ٹیم کے بنگلورو میں ہونے والے پری سیزن کیمپ میں بھی نظر نہیں آئے، جس سے ان کے مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔
مو بوبٹ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’یش دیال تاحال ٹیم کے ساتھ کنٹریکٹ میں ہیں، تاہم موجودہ حالات میں ان کا سکواڈ میں شامل ہونا نہ کھلاڑی اور نہ ہی فرنچائز کے مفاد میں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ٹیم انتظامیہ مسلسل ان کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہر ممکن حمایت فراہم کر رہی ہے۔‘
آر سی بی نے اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے ہی متبادل پلان تیار کر لیا تھا۔ فرنچائز نے آئی پی ایل 2026 کے آکشن میں مدھیہ پردیش کے فاسٹ بولر منگیش یادیو کو 5.20 کروڑ انڈین روپے میں خریدا اور امکان ہے کہ وہ یش دیال کی جگہ پلیئنگ الیون کا حصہ بنیں گے۔
اس پیش رفت کے بعد واضح ہو گیا ہے کہ یش دیال کا آئی پی ایل 2026 میں شمولیت غیر یقینی کا شکار ہے، جبکہ آر سی بی اپنی ٹیم کو متوازن رکھنے کے لیے متبادل آپشنز پر انحصار کر رہی ہے۔

شیئر: