Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا بنگلہ دیش کشیدگی: آئی پی ایل ٹیم سے مستفیض الرحمان کو نکال دیا گیا

مستفیض الرحمان کے کے آر کے علاوہ آئی پی ایل کی دوسری ٹیموں میں بھی کھیل چکے ہیں (فوٹو: بی سی سی آئی)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)  کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ٹیم سے نکال دیا ہے۔
سنیچر کو کے کے آر نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کی ہدایت پر مستفیض الرحمان کو ٹیم سے نکال دیا گیا ہے۔
مشہور بالی وُڈ اداکار شاہ رخ خان کی ملکیتی ٹیم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’بی سی سی آئی نے ایک ریگولیٹر کے طور پر ہمیں مستفیض الرحمان کو ٹیم سے نکالنے کی ہدایت کی تھی۔ مشاورت اور مجوزہ طریقہ کار کے تحت بی سی سی آئی کی ہدایت پر عمل کر دیا گیا ہے۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل بی سی سی آئی کے سیکٹری دیوجیت سائیکیا نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ ’حالیہ حالات کو دیکھتے ہوئے کے کے آر کو کہا گیا ہے کہ وہ مستفیض الرحمان کو ٹیم سے فارغ کریں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اگر ٹیم چاہے تو کسی اور کھلاڑی کو متبادل کے طور پر شامل کرنے کی اجازت دی جائے گی۔‘
دوسری جانب بی سی سی آئی نے بھی اس فیصلے کی کوئی تفصیلی وجہ نہیں بتائی ہے تاہم دسمبر میں بنگلہ دیش میں ایک ہندو شہری کی ہلاکت کے بعد بعض دائیں بازو کی تنظیموں نے بنگلہ دیشی کھلاڑی کی آئی پی ایل میں شمولیت پر اعتراض کیا تھا۔
گزشتہ ماہ انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے خلاف تشدد پر تشویش کا اظہار کیا تھا جبکہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ اور نوبیل امن انعام یافتہ محمد یونس نے ان الزامات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا الزام انڈیا پر لگایا تھا۔
واضح رہے کہ 30 سالہ مستفیض الرحمان اس سے قبل بھی آئی پی ایل میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہیں دسمبر میں ہونے والی نیلامی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ایک ملین ڈالر سے زائد رقم میں خریدا تھا۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل کا آمدہ سیزن 26 مارچ سے شروع ہو گا۔

شیئر: