Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب منسوخ، میچز تماشائیوں کے بغیر صرف کراچی اور لاہور میں کرانے کا فیصلہ

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے میچز صرف کراچی اور لاہور میں ہون گے (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ’پی ایس ایل 11 اپنے شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہوگی تاہم سٹیڈیم میں شائقین کو نہیں بُلایا جائے گا۔‘
اتوار کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل کے انعقاد سے متعلق مشاورت جاری تھی اور فیصلہ کیا ہے کہ لیگ شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پی ایس ایل ایک انٹرنیشنل برینڈ ہے جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں، اس لیے ایونٹ کو ملتوی کرنا ممکن نہیں تھا کیونکہ آگے کوئی ونڈو دستیاب نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پی ایس ایل کے میچز صرف دو شہروں کراچی اور لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے نیا شیڈول دیں گے جس میں ٹیموں کی موومنٹ کم سے کم ہوگی۔‘
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ’افتتاحی تقریب کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے، اخراجات زیادہ نہیں ہوں گے جبکہ فرنچائزز کو گیٹ منی پاکستان کرکٹ بورڈ ادا کرے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’موجودہ صورتحال میں میچز بغیر شائقین کے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فینز ٹکٹ کے پیسے واپس لے سکیں گے، فینز سے معذرت خواہ ہیں۔‘
انہوں نے سیکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’تمام ادارے الرٹ ہیں اور ممکنہ خطرات کو بروقت ناکام بنایا جا رہا ہے۔‘
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے بتایا کہ ’تمام سٹیک ہولڈرز چاہتے ہیں کہ لیگ ہر صورت منعقد ہو۔ نئے شیڈول کے مطابق ہر ٹیم 10 میچز کھیلے گی جبکہ فائنل تین مئی کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور چار مئی کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ خطے کے حالات جلد معمول پر آئیں گے اور آئندہ شائقین کو سٹیڈیم میں میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل کی آٹھ ٹیموں کے مابین 44 میچز چھ مختلف شہروں میں شیڈول تھے۔

شیئر: