ایسٹ، ویسٹ پائپ لائن کی مکمل صلاحیت کے ساتھ آپریشنل بحالی کا اعلان
اتوار 12 اپریل 2026 19:02
مکمل پمپنگ کی صلاحیت کو بحال کرنے میں کامیابی ملی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزات توانائی نے ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ذریعے مکمل صلاحیت کے ساتھ آپریشنل بحالی کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت نے ایکس اکاونٹ پر بیان میں کہا’ ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ذریعے مکمل پمپنگ کی صلاحیت کو بحال کرنے میں آپریشنل اور تیکنیکی کوششوں میں کامیابی ملی ہے، جو تقریبا 7 ملین بیرل یومیہ ہے۔‘
’منیفہ آئل فیلڈ کی تقریبا تین لاکھ بیرل یومیہ پیداوار بحال کی گئی ہے، جبکہ خریص آئل فیلڈ میں مکمل پیداواری صلاحیت کو بحال کرنے کے لیے کام ابھی جاری ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے’ فوری بحالی سعودی آرامکو اور مجموعی طور پر مملکت کے توانائی کے ماحولیاتی نظام کی اعلی آپریشنل لچک اور کرائسز منیجمنٹ کی کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے، جس سے مقامی اور عالمی مارکیٹ میں سپلائی کے اعتبار اور تسلسل میں اضافہ ہوتا ہے اور عالمی معیشت کی بھی سپورٹ ملتی ہے۔‘
یاد رہے سعودی وزارت توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا تھا کہ’ مملکت میں توانائی کی اہم تنصیبات کو حالیہ دنوں میں ہونے والے متعدد حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں تیل و گیس کی پیداوار، ٹرانسپورٹیشن اور ریفائننگ کے مراکز، پیٹرو کیمیکل کی تنصیبات کے علاوہ ریاض، الشرقیہ ریجن اور ینبع انڈسٹریل سٹی میں الیکڑک سٹی سیکٹر شامل ہے۔

حملوں کے باعث توانائی سیکٹر میں اہم تنصیابت پر متعدد آپریشنل سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ایک پمپنگ سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، اس لائن کے ذریعے یومیہ تقریبا 7 لاکھ بیرل تیل کی ترسیل متاثر ہوئی۔ منیفہ آئل فیلڈ کے پیداواری مرکز پر حملے سے یومیہ تقریبا 3 لاکھ بیرل پیداوار میں کمی واقع ہوئی، جبکہ خریص آئل فیلڈ سے یومیہ 3 لاکھ بیرل پیداوار متاثر ہوئی تھی۔
اس طرح مملکت کی مجموعی پیداواری صلاحیت میں یومیہ 6 لاکھ بیرل کی کمی واقع ہوئی تھی۔
