Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضوابط کی خلاف ورزی، سعودی وزارت کی 14 ریکروٹمنٹ کمپنیوں کے خلاف کارروائی

تین کمپنیوں کو معطل کیا جبکہ 11 کے لائسنس منسوخ کیے گئے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ افرادی قوت نے کہا ہے کہ’ ضوابط کی خلاف ورزیوں پر 14 ریکروٹمنٹ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق خلاف ورزیوں پرتین کمپنیوں کو معطل کر دیا گیا جبکہ مقررہ وقت کے اندر خلاف ورزیوں کو درست نہ کرنے پر 11 کے لائسنس منسوخ کیے گئے۔
 مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر تادیبی کارروائی کی گئی، ان میں ریکروٹمنٹ ضوابط کی خلاف ورزی، معیاری لیبر سروسز کی عدم فراہمی اور صارفین کو رقوم کی واپسی میں تاخیر اور شکایات دور کرنے میں ناکامی شامل ہے۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ’ مملکت میں لیبر مارکیٹ کو منظم بنانے اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تفتیشی ٹیمیں مختلف ریکروٹمنٹ اداروں اور دفاتر کا دورہ کرتی ہیں تاکہ فریقین کے مابین ہونے والے معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ تفتیشی دوروں کے دوران سامنے آنے والی خلاف ورزیوں پر رپورٹ متعلقہ کمیٹی کو دی جاتی ہے۔‘
وزارت نے کہا کہ’ افرادی قوت درآمد کرنے والے اداروں کی نگرانی مستقل بنیادوں پر جاری رہے گیِ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں گے۔‘
اس اقدام کا مقصد ضوابط کی پابندی، خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور ایک شفاف اور منظم کام کے ماحول کو یقینی بنانا ہے۔
 ریکروٹمنٹ سروسز کے حوالے سے موجود یونیفائیڈ پورٹل ’مساند‘ پر کسی بھی خلاف ورزی کی رپورٹ کی جاسکتی ہے، علاوہ ازیں ٹول فری نمبر پر بھی اطلاع دی جاسکتی ہے۔

 

شیئر: