Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خاتون دیما الیحیی اقوام متحدہ کے اعلی سطح کے پینل کی رکن مقرر

دیما الیحیی اس وقت ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دیما بنت یحیی بنت الیحیی کو خشکی سے گھرے ترقی پذیر ممالک کے لیے فریڈم آف ٹرانزٹ سے متعلق اعلی سطح کے پینل (HLP-FoT)  کا رکن مقرر کیا ہے۔
دیما الیحیی اس پینل میں عرب خطے کی نمائندگی کرتی ہیں جو ڈیجیٹل  اکانومی، انوویشن اور انٹرنیشنل ڈیجیٹل کوآپریشن میں ان کی مہارت اور خدمات کی عکاسی کرتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے قائم کردہ یہ پینل حکومتوں، بین الاقوامی تنظمیوں، نجی شعبے اور تعلیمی شعبے کے ماہرین کو یکجا کرتا ہے۔
دیما الیحیی اس وقت ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل کے طور پر اپنی دوسری مدت پوری کر رہی ہیں۔ بین الاقوامی تعاون، کثیر الجہتی سفارت کاری، پالیسی سازی اور سرحد پار سرمایہ کاری اور ترقی کے فروغ  میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔
ان کا تقرر اقوام متحدہ کے رکن ملکوں کی جانب سے مشاورتی عمل اور نامزدگیوں کے بعد عمل میں آیا ہے۔ یہ حکومتوں، تنظیموں، نجی اور تعلیمی شعبوں سے متنوع مہارت کو یکجا کرنے کے اقدام کا حصہ ہے تاکہ پینل کے کام میں معاونت کی جا سکے۔
یاد رہے گزشتہ برس دیما الیحیی کو پاکستان میں ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کے ماحول کو بڑھانے کے حوالے سے کردار کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

 

 

شیئر: